عرب ممالک شامی بحران کے طول پکڑنے کے ذمہ دار ہیں٬ عمانی وزیر خارجہ

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:11

مسقط ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے عرب ممالک کو شام کے بحران کے طول پکڑنے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے شام کے حوالے سے بعض عرب ملکوں کے اقدامات پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عرب ملکوں کے اقدامات کی وجہ سے بحران شام کا حل بڑی طاقتوں کے مفادات کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

یوسف بن علوی نے کہا کہ شام میں عمان کا سفارت خانہ بدستور کام کرتا رہے گا اور اسے بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دمشق میں عمان کے سفارت خانے کے کھلے یا بند ہونے کا شام کے بحران سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر سعودی عرب کی جانب سے خلیج فارس تعاون کونسل کو یونین میں تبدیل کرنے کی کوششوں کی مخالفت کی۔ عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک کسی بھی صورت میں اس یونین کا حصہ نہیں بنے گا۔ یوسف بن علوی نے کہا کہ عمان بحران یمن کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمان مختلف یمنی گروہوں کے درمیان ثالثی کی بھی کوشش کر رہا ہے۔