شام میں سفارتخانے پر مارٹر حملے میں النصرہ ملوث ہے٬ روس

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:10

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) روس نے شام میں اپنے سفارتخانے پر حملے میں النصرہ کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے دو گھنٹے تک روسی سفارتخانے پر مارٹر حملہ جاری رکھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق دو گولے سفارتخانے کے سامنے واقع چیک پوسٹ کے قریب جا کر گرے جبکہ ایک مارٹر گولہ سفارتخانے کے قریب واقع ایک سکول میں جا گرا تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ دمشق کے مضافات میں واقع جوبر علاقے سے کیا گیا تھا جو النصرہ دہشت گرد گروہ کے قبضے میں ہے۔ دوسری جانب روس کی وزارت خارجہ نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حامیوں کو خبردار کیا ہے کہ ان عناصر کی حمایت یا ان کے اقدامات کے مقابلے میں خاموشی اختیار کرنا٬ خطرناک ثابت ہو گا۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی دہشت گردوں نے روسی سفارتخانے پر دو مارٹر گولے داغے تھے۔

متعلقہ عنوان :