لندن میں بریگزٹ کے حامیوں اور مخالفین کے مظاہری

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:10

لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے حامیوں اور مخالفین نے ایک بار پھر لندن میں مظاہرے کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بریگزٹ کے حامیوں اور مخالفین کی ایک بڑی تعداد نے لندن کی سڑکوں پر مارچ کیا اور سپریم کورٹ کی عمارت کے سامنے جمع ہوکر اپنے اپنے موقف کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے تھے جس کی وجہ سے کوئی تصادم پیش نہیں آیا۔

(جاری ہے)

بریگزٹ کے حامیوں کا کہنا تھا کہ حکومت کو یورپی یونین سے اخراج کے عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔ مخالفین٬ یورپی یونین سے اخراج کے فیصلے پر نظر ثانی اور ریفرینڈم کے نتائج منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ یہ مظاہرے ایسے وقت میں کئے گئے ہیں جب اسپین کے وزیراعظم ماریانو راخوئی اور برطانونی وزیر اعظم تھریسا مے نے بریگزٹ کے معاملے پر ایک دوسرے سے بات چیت کی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم عنقریب دیگر یورپی ملکوں کا دورہ کرنے والی ہیں جہاں وہ ان ملکوں کے رہنماؤں سے بریگزٹ کے معاملے پر بات چیت کریں گی۔