مصر کا اعلیٰ سطحی وفد سعودی عرب کا دورہ کرے گا٬ لیبیا٬عراق٬ یمن اور شام میں جاری تنازعات سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:09

قاہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) مصر کا اعلیٰ سطح کا ایک وفد آئندہ چند روزہ میں سعودی دارالحکومت ریاض کا دورہ کرے گا اور سعودی حکام سے لیبیا٬عراق٬ یمن اور شام میں جاری تنازعات سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفد میں اعلیٰ مصری عہدے دار شامل ہوں گے۔وہ سعودی عہدے داروں کے ساتھ شام کے بارے میں ایک مجوزہ قرار داد پر بھی بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

یہ قرارداد آئندہ چند روز میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جائے گی۔اس دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں مصر میں متعیّن سعودی سفیر احمد القطان قاہرہ سے ریاض کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔مصری وفد یہ دورہ ایسے وقت میں کررہا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان شام کے بارے میں ایک قرار داد پر ووٹنگ کے معاملے پر کشیدگی پائی جارہی ہے۔مصر نے گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کی شام سے متعلق پیش کردہ اس قرار داد کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ سعودی عرب نے اس مخالفت کی تھی۔