وزیراعظم محمد نوازشریف کی آذربائیجان کے وزیراعظم سے ملاقات٬علاقائی صورتحال٬باہمی مفادات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا٬وزیراعظم محمد نوازشریف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا٬مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے٬وزیراعظم آذربائیجان٬آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو تمام سطح پر مضبوط بنانا چاہتے ہیں٬وزیراعظم محمد نوازشریف

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:09

وزیراعظم محمد نوازشریف کی آذربائیجان کے وزیراعظم سے ملاقات٬علاقائی ..

باکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء) آذربائیجان کے وزیراعظم آرچر راسی زادے نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دفاعی صنعت میں تعاون قائم کرنے کا خواہشمند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جو وسطی ایشیائی مملکت کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور باہمی مفادات کے معاملات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آذربائیجان اور مختلف وفود نے باکو پہنچنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا والہانہ استقبال کیا۔ آذربائیجان کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کے ملک کے پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے تمام بین الاقوامی فورمز پر آذربائیجان کی حمایت کی ہے جس پر ہم وزیراعظم نوازشریف اور پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم آذربائیجان نے مزید کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر پر اس موقف پر قائم ہیں کہ اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے پرتپاک اسقبال پر آذربائیجان کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے٬ ہم برادرانہ تعلقات کو تمام سطح پر مضبوط بنانا چاہتے ہیں٬ دونوں ملکوں کو ان برادرانہ تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے ساتھ ان کی ملاقاتیں بہت تعمیری رہی ہیں اور دونوں رہنمائوں نے باہمی رابطوں سمیت توانائی٬ دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان مذہب٬ تاریخ اور ثقافت کے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں٬ پاکستانی عوام آذربائیجان کے عوام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اس پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ پاکستان آذربائیجان کو آزاد مملکت کی حیثیت سے تسلیم کرنے والا تیسرا ملک تھا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر آذربائیجان کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ آزادی کی تازہ لہر میں بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر ناقابل بیان مظالم ڈھائے ہیں٬ اور 112 کو شہید اور 7 ہزار سے زائد شہریوں کو شدید زخمی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گن کے استعمال کے نتیجہ میں 200 سے زائد افراد بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔