ہم اپنے اعلیٰ تعلیم کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے پر عزم ہیں٬ ڈاکٹر زبیر شیخ

جمعہ 14 اکتوبر 2016 16:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2016ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کو اعلیٰ تعلیم کے معیار کی ضمانت فراہم کرنے کے لئے قائم کئے جانے والے عالمی نیٹ ورک(INQAAHE ) کی رکنیت مل گئی ہے جوکہ دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے قائم درسگاہوں اور جامعات میں تعلیمی معیار بلند کرنے کے لئے ایک ریگولیٹری باڈی کے طور پر کام کرتا ہے جس کے ممبران کی تعداد 250 کے قریب ہے۔

ایم اے جناح یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کام کر نے والی عالمی ریگولیٹری باڈی کی رکنیت ملنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کی بنا پر ہمیں اپنے اعلیٰ تعلیم کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کے لئے پر عزم ہیں کہ ہم اپنے تعلیمی نظام کی ترقی اور اس کے معیار میں اضافہ کرکے اسے قومی اور عالمی معیار تعلیم کے مطابق بنائیں گے۔

انہوں نے عالمی ریگولیٹری باڈی کی رکنیت حاصل کرنے پر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر منیر حسین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے ماجو کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا۔ایم اے جناح یونیورسٹی کے ڈایریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر منیر حسین نے اس موقع پر کہا ہے کہ آج کے دور میں پیشہ ورانہ تعلیم کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے جس کی بنا پر اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے والی درسگاہیں مارکیٹ کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے مختلف طریقوں سے اپنے پروگرام متعارف کرارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عالمی ریگولیٹری باڈی کی رکنیت حاصل کرنے کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور برقرار رکھنے کے لئے تخلیق٬معلومات اکٹھا کرنے٬ترقی پذیر تھیوری اینڈ پرکٹس سے متعلق اطلاعات کی تشہیر اور رویے کا اندازہ لگانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عالمی تنظیم کی رکنیت کی بنا پر اہم موضوعات پر تحقیقی کام شروع کرنے کے لئے عالمی تنظیم ودیگر ذرائع اور ممبران کے اجتماعی اظہار خیال کی مدد سے اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لئے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :