جماعت اسلامی برسر اقتدارآکر توانائی کے نئے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے گی۔عنایت اللہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:49

پشاور۔13اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) خیبرپختونخوکے سینئر وزیر بلدیات و دیہی رقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی برسر اقتدارآکر توانائی کے نئے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے کر صوبے سے بجلی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرے گی اور صحت٬تعلیم٬سیاحت وزراعت اور معدنیات کے شعبوں کو بھی اولین ترجیح دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجمیر بٹگرام میں 500کے وی منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اور بند الائی تحصیل ضلع بٹگرام میں 15کے وی بجلی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخواکے نائب امیر نور الحق ٬ضلعی امیر جماعت اسلامی نثار خان اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں موجودتھے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر بلدیات نے کہا کہ مخلوط حکومت صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے جبکہ صوبے میں 40ہزار میگاواٹ توانائی پیداکرنے کے ذرائع موجود ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو استعمال میں لا کر عوام کو ان کے فوائد سے مستفید کیا جائے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ موجودہ حکومت اس ضمن میں 12اضلاع میں توانائی کی356چھوٹے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں تقریباً 91سکیموں کے پی سی ون تیار ہو گئے ہیںاور جلد ہی ان منصوبوں کو مکمل کیا جائے گاجس سے توانائی بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا جائیگا اور عام لوگوں کو لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیساتھ ساتھ سستی بجلی بھی میسر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے نئے منصوبوں سے صوبے کے طول و عرض میں صنعت کاری کے عمل میں بھی تیزی آئے گی اور لوگوں کو روزگار کے وافر ذرائع میسر آئیں گے جس سے صوبے میں غربت کے جن پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :