گھروں میں ڈینگی لاروا ملنے کی شرح میں کمی ٬ مریضوں کی تعداد میں اضافہ رک گیا ہے٬ ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:49

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد علی صابر نے کہاہے کہ راول ٹائون اور پوٹھوہار ٹائون میں انڈرو سرویلنس کے دوران گھروں کے اندر لاروا ملنے کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے اور اکتوبر کے دوسرے ہفتہ سے لاروا ملنے کی شرح چار فیصد سے کم ہو کر 2.5 فیصد رہ گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضا فہ رک گیا ہے اور تمام مریضوں کو الائیڈ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈینگی لاروا کی انڈور سرویلنس کرنے والی ٹیموں کی نگرانی کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر فوکل پرسن ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر سجاد محمود اور فیلڈ سٹاف بھی موجود تھا۔

(جاری ہے)

ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد علی صابر نے کہا کہ لاروا ملنے کی شرح میں کمی کی وجہ مربوط اور جامع انڈور سرویلنس مہم ہے جس کے دوران تمام متعلقہ ادارے کے مکمل تعاون کے ساتھ سائنسی بنیادں پر ڈینگی لاروا کے خاتمہ کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ شہریوں کے تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی مہم کو نتیجہ خیز نہیں بنایا جا سکتااور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھروں کے اندر ڈینگی کی خود نگرانی کریں اور ڈینگی کے کنٹرول کا بہترین حل ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنا ہے۔ ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد علی صابر نے کہا کہ موسم میں خنکی کے ساتھ ڈینگی کے مچھر وں کی پناہ گاہیں گھروں کے اندر زیادہ ہو گئی ہیں لہذا ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ فرنیچر کے نیچے٬ پردوں کے پیچھے ٬ کچن کے اندر٬ فرج کی ٹرے اور کوئی بھی ایسی جگہ جہاں پانی جمع ہو اسے فوری طور پر ختم کردیں ۔

انہوںنے کہاکہ شہریوں کیلئے ضروری ہے کہ پوری آستین والے کپڑے پہنیں٬ مچھر بگھائو لوشن لگائیں اور گھر وں کے اندر مچھر بگھائو میٹ اور کوائل وغیر ہ استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :