کیڈٹ کالج مستونگ میں انٹرونگ والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اقبال ونگ اور عمر ونگ کے درمیان کھیلا گیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 22:36

کوئٹہ۔13اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) کیڈٹ کالج مستونگ میں گزشتہ روز انٹرونگ والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اقبال ونگ اور عمر ونگ کے درمیان کھیلا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی کیڈٹ کالج مستونگ کے وائس پرنسپل حاجی جمیل الرحمن تھے ۔میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ آخر کار میچ میں اقبال ونگ کے کھلاڑیوں نے عمر ونگ کوشکت دے کر والی بال میچ ٹورنامنٹ جیت لیا۔

میچ کے ریفری کے فرائض سینئر پروفیسر ارشاد گل نے سرانجام دیے۔ ونر ٹیم کے کھلاڑیوں کو طلباء نے خوب داد دی۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی کیڈٹ کالج مستونگ کے وائس پرنسپل حاجی جمیل الرحمن اور اس کے ہمراہ سینئر ہاوس ماسٹر ( سی ) پروفیسر محمد یٰسین نے انعامات تقسیم کیے اور جیتنے والی ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی وائس پرنسپل حاجی جمیل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج مستونگ میں کھیلوں کے انٹرونگ مقابلے باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے تاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جاسکے۔

مہمان خصوصی نے کہا کہ سپورٹس کسی بھی معاشرے کے لئے بے حد ضروری ہے۔ کھیل کو دجیسی جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینا ایک صحت مند معاشرے کی علامت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد کے لئے بھر پور تعاون کریں گے۔