اسلام آباد میں 35 سال سے مقیم 61 سالہ ہسپانوی سفارتکار جونز جینز نے خودکشی کرلی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:40

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) دارالحکومت اسلام آباد میں 35 سال سے مقیم 61 سالہ ہسپانوی سفارتکار جونز جینز نے 22 بور پستول سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ متوفی ذہنی دبائو کا شکار تھا٬ دو شادیاں کیں دونوں چھوڑ گئی تھیں٬ تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او افتخار احمد چٹھہ نے بتایا کہ ہسپانوی سفارتخانہ میں ویزہ قونصلر کے منصب پر فائز 61 سالہ جونز جینز نے دو بیویوں کی بے وفائی سے تنگ آکر ذہنی دبائو میں خود کو ذاتی پستول 22 بور سے گولی مار کر خود کشی کرلی۔

جونز نے ہسپانوی خاتون سے پہلی شادی کی جس میں سے ایک بچہ پیدا ہوا ان کی اہلیہ سفارتکار کو 10 سال ساتھ رہنے کے بعد چھوڑ کر واپس سپین چلی گئی۔ دوسری شادی جونز نے اٹلی کی خاتون سے کی جو آٹھ سال بعد ساتھ چھوڑ گئی۔

(جاری ہے)

دونوں بیویوں کی بے وفائی کے بعد سفارتکار ذہنی دبائو کا تھے۔ پولیس کے مطابق جونز کے 71 سالہ باورچی مجید نے بتایا کہ کافی عرصہ سے ہسپانوی سفارتکار تنہائی کا شکار تھا اور اکیلے گھر میں مقیم تھا۔

باورچی نے بتایا کہ وہ 34سال سے جونز کے ہاں ملازم ہے۔ جونز اکثر ناشتے میں بریڈ اور انڈہ شوق سے لیتا تھا جو وہ اسے جناح سپر مارکیٹ سے لاکر دیتا تھا۔ وقوعہ کے روز 6 بج کر 3 منٹ پر جب دروازہ کھولا تو سفارتکار کمرے کے دروازے میں مردہ حالت میں خون میں لت پت پڑا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق متوفی نے گھر کی ایک چابی ملازم کو دی ہوئی تھی جو اس کی دیکھ بھال پر مامور تھا۔

ہسپانوی قونصلر کی موت کی تصدیق 4 ڈاکٹروں کے بورڈ نے کر دی۔ اپنی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ڈاکٹروں نے موت کی وجہ خودکشی قرار دیا۔ پوسٹ مارٹم کرنے والی ٹیم ڈاکٹر امتیاز کی سربراہی میں ڈاکٹر ظہور٬ ڈاکٹر نصیر اور ڈاکٹر دردانہ کاظمی پر مشتمل تھی۔ پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد نعش سفارتخانہ کے حوالے کر دی۔ رپورٹ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔