30 اکتوبر تک مالم جبہ روڈ کی تعمیر شروع نہ ہوئی تو احتجاجی دھرنا دیں گے٬محمد ابرار خان

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:40

سوالت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) سوات کی سیاحتی علاقہ مالم جبہ روڈ کی تعمیر پر کام شروع کرانے کیلئے 30 اکتوبر تک ڈیڈ لائن ٬ اگر تعمیراتی کام شرو ع نہ ہوا تو 30 اکتوبر کے بعد مالم جبہ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کرکے احتجاجی دھرنا دیں گے جو سڑک پر تعمیراتی کام شروع ہونے تک جاری رہے گا ٬ اس ڈیڈ لائن کا اعلان سوات پریس کلب میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ضلعی کونسلرز محمد ابرار خان ٬ شاہ رستان خان ٬ سید عبد اللہ شاہ ٬ سرور خان اور عمائدین علاقہ سید جاوید علی اور سردار الملک نے پریس کانفرنس میں کیا ٬ انہوں نے کہا کہ مالم جبہ روڈ کیلئے 62 کروڑ روپے منظور ہوئے تھے اور جون 2015 میں روڈ کا باقاعدہ ٹینڈر ہوکر کام شروع ہوا اور اسی وقت حکومت نے 62 کروڑ روپے فنڈ میں صرف 2 کروڑ ریلیز کردیئے جس پر ٹھیکیدار نے تیزی سے کام شروع کردیا لیکن فنڈ ختم ہوتے ہی کام بند ہوگیا ٬ ضلع ناظم محمد علی شاہ اور ایکسیئن ہائی وے کے رابطوں پر حکومت نے مزید 3 کروڑ دینے کا وعدہ کیا لیکن صرف 75 لاکھ روپے ریلیز ہوئے اسلئے تاحال سڑک پر تعمیراتی کام بند ہے ٬ اگر صوبائی حکومت کی جانب سے اسی رفتار سے فنڈ ریلیز ہونے کا سلسلہ جاری رہا تو مالم جبہ سڑک 30 سال میں بھی تعمیر نہیں ہوسکتا ٬ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے یکم ستمبر 2016 کو مالم جبہ میں چیئر لفٹ کے افتتاح کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ مذکورہ ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرکے سڑک پر 15 روز کے اندر اندر کام شروع ہو جائیگا لیکن اس اعلان پر بھی آج تک عمل درآمد نہ سکا ٬ انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے اہلیان علاقہ اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ٬ مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچا نا ہمارے لئے مشکل ہورہا ہے ٬ گرد وغبار کی وجہ سے عوام بیماریوں میں مبتلاء ہورہے ہیں٬ انہوں نے کہا کہ مالم جبہ میں قائم چیئرلفٹ کی فیس 300 روپے فی کس لی جا رہی ہے جبکہ 30 روپے انٹری فیس رکھی گئی ہے جو عوام اور سیاحوں کے ساتھ ظلم ہے٬ سڑک کی عدم تعمیر کے باعث عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اسلئے اگر 30 اکتوبر کو سڑک پر تعمیراتی کام شروع نہ ہوا تو سڑک بند کرکے احتجاجی دھرنا شروع کریں گے اور اس وقت تک دھر نا جاری کھیں گے جب سڑک پر عملی شروع نہ ہو جائے ۔

متعلقہ عنوان :