وزیرآباد میں عاشورہ محرم پرامن طور پر اختتام پذیر

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:40

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) وزیرآباد میں عاشورہ محرم پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا۔تمام جلوس وقت مقررہ پر اپنی اپنی منزل پر پہنچ گئے۔ تحصیل بھر میں کم و بیش ایک درجن چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی گئی۔محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں ذوالجناح کے جلوسوں کے ساتھ رہیں۔

کم و بیش 350عزا داروں کو طبی امداد دی گئی۔ وزیرآباد میں ذوالجناح کے تین بڑے جلوس نکالے گئے ۔بڑا جلوس امام بارگاہ مہاجرین سے وقار حیدر رضوی کی قیادت میں برآمد ہوا۔دوسرا بڑا جلوس مودی خانہ سے قاضی افتخار احمد کی قیادت میں جبکہ تیسرا جلوس محلہ شاہ صدق سے اعجاز حسین شاہ کی قیادت میں بر آمد ہوا۔

(جاری ہے)

ریل بازار چوک میں عزا داروں نے زنجیر زنی کی اور نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے سرکلر روڈ کے راستے لاہوری دروازہ پہنچے۔

مودی خانہ کا جلوس سرکلر روڈ پر بڑے جلوس میں شامل ہوا جبکہ تیسرا جلوس اپنے روائتی راستوں سے ہو تا ہوا لاہوری دروازہ چوک میں دیگر جلوسوں میں شامل ہو گیا جہاں عزاداروں نے اجتماعی طور پر زنجیر زنی کی اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے مین بازار سے گذرتے ہوئے امام بارگاہ مہاجرین کے قریب علیٰحدہ ہو کر اپنی اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئے اور وقت مقررہ پر اختتام پذیر ہو گئے جس کے بعد مجالس شام غریباں بپا کی گئیں۔

پولیس نے تمام راستوں پر سیکیورٹی کے موثر انتظامات کئے تھے اور خفیہ سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر جلوسوں کی نگرانی کے لئے مرکز قائم کیا گیا تھا۔شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کرکے پولیس کی خصوصی گاردتعینات کی گئی تھی۔سی پی او وقاص نذیر٬ ڈی ایس پی راناشبیر احمد ٬ ڈی ایس پی لیگل گوجرانوالہ محمود الحسن ٬ایس ایچ او سٹی ملک محمد افضل اور ایس ایچ او صدر پولیس ملک فاروق احمد نے گا ہے گاہے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے علاقے کا دورہ کیا۔

ایم پی اے شوکت منظور چیمہ نے بھی امن کمیٹی کے ممبران اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمرا ہ انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ٹی ایم اے وزیرآباد نے صفائی اور روشنی کے حسب سابق موثر انتظامات کئے تھے۔10محرم کو میں بازار اور دیگر کاروباری ادارے مکمل طور پر بند رہے ۔ محکمہ ہیلتھ کی ٹیم ڈاکٹر شاہد ندیم مغل کی قیادت میں ہمہ وقت ذوالجناح کے جلوسوں کے ساتھ رہے۔

زنجیر زنی کے بعد کم و بیش 300عزاداروں کو محکمہ ہیلتھ کی ایمبولینس میں طبی امداد دی گئی جبکہ 30عزاداروں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں انہیں طبی امداد دی گئی جبکہ دو عزا داروں عمر ولد راحت اور شوکت ولد شیخ فضل دین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گوجرانوالہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔مجموعی طور پر صورتحال پر امن رہی اور کسی نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :