کوئٹہ٬ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدوجہد جاری رکھی جائے گی

سینئر ایجوکیشنل سٹاف ایسوسی ایشن

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء)سینئر ایجوکیشنل سٹاف ایسوسی ایشن ضلع کوئٹہ کے صدر نصرالدین توخئی ٬جنرل سیکریٹری عبدالستار لانگونے کہاہے کہ ایس ایس ٹیز سمیت سینئر کیڈر کے تمام اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدوجہد جاری رکھی جائے گی اُنھوں نے کہا ہے کہ 25 اکتوبر کو صبح 10 بجے بلوچستان بوائے سکاوٹ ہیڈکوارٹر میں منعقد کیے جارہے کنونشن میں صوبہ بھر کے ایس ایس ٹیز اور سینئر کیڈر کے اساتذہ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل اپنا یا جاسکے اُنھو ں نے کہا ہے کہ اساتذہ کا اتحاد واتفاق انتہائی خوش آئند اقدام ہے اور اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے سینئر کیڈر کے اساتذہ کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ سکولوں میں تدریسی لوازمات کے فقدان کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی٬اُنھوں نے مزید کہا ہے کہ ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں تعلیمی بہتری ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے اور اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااُنھوں نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کوبروئے کار لاتے ہوئے تعلیمی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں سیسا بلوچستا ن اُن کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے٬اُنھوں نے مزید کہا ہے کہ 25 اکتوبر کے کنونشن کے کامیاب انعقاد کے لیے لائحہ عمل ترتیب دے دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں سیسا ضلع کوئٹہ کے اراکین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں جوایس ایس ٹیز سمیت دیگر سینئر کیڈر کے اساتذہ سے صلاح ومشورہ کریں گی ۔