مسلم لیگ (ن) کی حکومت انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر کے مخالفین کی سازش ناکام بنا دے گی

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کا بانڈی عطائی خان میں ناظم آصف جدون کی مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:38

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عام انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر کے مخالفین کی سازش ناکام بنا دے گی٬ ملکی ترقی کے دشمن دھرنوں سے نظام حکومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں٬ صوبائی حکومت دھرنوں کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دے۔

وہ جمعرات کو تحصیل حویلیاں کے علاقہ بانڈی عطائی خان میں ناظم آصف خان جدون کی مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی خورشید اعظم خان٬ ضلع کونسلر ارشاد خان اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے٬ پاک چائنہ اقتصادی راہداری٬ بجلی کے منصوبے اور علاقائی ترقی پر اربوں روپے خرچ کر کے خوشحالی لائیں گے٬ حکومت مخالف گروہ ذاتی مفادات کی خاطر ملک میں ترقی کا پہیہ جام کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرقیادت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود ملکی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے٬ خیبر پختونخواکی حکومت احتجاجی دھرنوں کی بجائے عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دے٬ 2018ء کے انتخابات سے قبل حلقہ میں سوئی گیس اور بجلی کے جارے منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :