دالیں گوشت کا نعم البدل ہیں اس لیے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کریں ٬ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:35

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) محکمہ زراعت توسیع جہلم کے زیر اہتمام موضع داروپور میں فصل ماش کے نمائشی پلاٹ پر یوم کاشتکاران منایا گیا جس میں علاقہ کے کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جناب چوہدری عبدالرئوف ڈی ڈی او زراعت توسیع جہلم نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ زراعت گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ضلع بھر میں جدید زرعی مشینری آدھی قیمت پر دے رہاہے جس کے استعمال سے ضلع جہلم میں زرعی پیداراوار میں بے شمار اضافہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محمد ندیم زراعت آفیسر توسیع جہلم نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ دالیں زمین کی زرخیزی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں جس سے کسان کا خرچہ کم ہو سکتا ہے اور آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ ڈی او زراعت توسیع جہلم نے کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ زراعت توسیع جہلم کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کاشتکارو ں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر دالوں کی کاشت کی ترغیب دی تا کہ ملک میں غذائی کمی کو دور کیا جا سکے اور کسان کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس موقع پر علاقہ کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت نوابزادہ طالب مہدی نے بھی شرکت کی اور محکمہ زراعت توسیع جہلم کی کا رکردگی کو سراہا۔