اسلام آباد کے چڑیا گھر کو سٹیٹ آف دی آرٹ چڑیا گھر بنانے کیلئے دستیا ب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا٬ محمد سلیمان وڑائچ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) اسلام آباد کے چڑیا گھر کو سٹیٹ آف دی آرٹ چڑیا گھر بنا نے کیلئے نہ صرف دستیا ب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا بلکہ مر غزار ہی سے آمدنی کے ذرائع پیدا کر کے چڑیا گھر کو اسلام آباد کے شایان شان بنا یا جائے گا۔ ان خیا لات کا اظہار سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد سلیمان خان وڑائچ نے جمعرات کو اسلام آباد چڑیا گھر کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹ ٬ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹ کے علا وہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر چڑیا گھر کے توسیعی منصوبے میں اس بات کو ملحوظ خا طر رکھا جائے کہ چڑیا گھر محض سیر وتفریح ہی نہیں بلکہ مثبت سر گرمیوں کا بھی با عث بنے جس کے تحت ملک کے دیگر چڑیا گھروں کے علا وہ بین الاقوامی چڑیا گھر کے ما ڈلز کا جائزہ لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں اور بڑوں کے لئے مختلف قسم کی تفریحی سرگرمیاں اور جا نوروں با لخصوص شیر کے ساتھ محفوظ سر گرمیوں کے لئے ایک مکمل پلان بنا یا جائے جس سے چڑیا گھر کی آمدنی میں بھی خا طر خواہ اضا فہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں موجود جا نوروں اور پروندوں کی زیا دہ سے زیا دہ افزائش کر کے بھی آمدنی میں اضا فہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے پیش نظر مر غزار کو مرحلہ وار اپ گریڈ کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے تا کہ بتدریج ہم اپنے وسائل سے اس چڑیا گھر کو بہتر بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محل وقوع کے اعتبار سے اسلام آباد کا چڑیا گھر نہایت پر فضا مقام پر ہے اور یہی انفرا دیت اسے ملک کے دیگر چڑیا گھروں سے نمایاں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن اور مزید جا نوروں کی چڑیا گھر میں شمولیت چا ہتے ہیں تا کہ جڑواں شہروں کے لوگوں کے علا وہ ملک بھر سے آنے والے لوگ اس خوبصورت تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔

قبل ازیں ممبر ایدمنسٹریشن کو بتا یا گیا کہ اسلام آباد کا مرغزار چڑیا گھر 25ایکڑ پر محیط ہے جبکہ تو سیعی منصوبے کے تحت 80ایکڑ تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ مر غزار کے توسیعی منصوبے کا پی سی ون بھی منظور ہوچکا ہے جس کی مالیت 1400ملین روپے ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ چڑیا گھر میں روزانہ چار پانچ سو افراد آتے ہیں جبکہ عید کے موقع پر تعداد ایک لاکھ تک بھی ہوجاتی ہے۔ ممبر ایڈمنسٹریشن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ توسیعی منصوبے کی تمام تر تفصیلات مرتب کریں تاکہ اسلام آباد کے مئیر و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو یہ تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر کے چڑیا گھر کے توسیعی منصوبے پر کام کے آغا ز کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :