کپاس کی فصل سے متعلق جائزہ کمیٹی کا سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری حسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 13 اکتوبر 2016 21:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) کپاس کی فصل سے متعلق جائزہ کمیٹی (سی سی اے سی) کا اجلاس سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری حسن اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیزن 2016-17ء کے دوران کپاس کی فصل اور پیداوار کے جائزہ سے متعلق امور کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سیزن 2016-17ء کے دوران ملک میں 11.039 ملین کپاس کی گانٹھیں پیداوار حاصل ہونے کے امکانات ہیں۔

جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری میں کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبداللہ نے موجودہ سیزن کے دوران کپاس کی فصل اور پیداوار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور اجلاس کو موسمیاتی تبدیلیوں اور فصل پر بیماریوں کے حملوں سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب کپاس کی پیداوار گزشتہ سیزن کے مقابلے میں رواں سیزن کے دوران 21 فیصد کمی سے 7.300 ملین کپاس کی گانٹھوں کی پیداوار٬ صوبہ سندھ میں ٬ 3.700 ملین گانٹھیں٬ کے پی کے میں 0.001 ملین گانٹھیں ٬ بلوچستان میں 0.038 ملین گانٹھیں کپاس کی پیداوار حاصل ہونے کے امکانات ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سیزن کے مقابلے میں مجموعی طور پر رواں سیزن2016-17ء کے دوران 15 فیصد کپاس کی پیداوار کم ہونے کا خدشہ ہے ۔ سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری حسن اقبال نے کہا کہ فصل کا جائزہ صوبائی حکومتوں کی طرف سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیسرا جائزہ اجلاس 3 یا 4 ہفتوں کے بعد ہوگا۔ اجلاس میں پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ٬ ٹی ڈی اے پی٬ پنجاب کے کاشتکاروں ٬ پی سی سی سی ٬ پی سی جی اے کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔