امریکی صدر الیکشن سے قبل پاکستانی بچوں کوڈاکٹرعافیہ کی رہائی کا تحفہ دیں٬علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کی انچارج عذرا امجد

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) کراچی٬حیدرآباد٬ پشاوراور دیگر شہروں میں ڈاکٹر عافیہ رہائی کیمپ کے انعقاد کا سلسلہ عاشورہ کے ایام میں بھی جاری رہا ٬ 86 روزہ’’ ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کی انچارج عذرا امجد نے نیول کالونی٬ بلدیہ کراچی میں اور حیدرآباد پریس کلب کیمپ کے انچارج سلطان خاصخیلی و دیگر نے کیمپ کا انعقاد کیا۔

9 اور 10 محرم الحرام کو کمسن طالب علم فہر امجد ٬ علاقہ کی خواتین اور بچوں نے شہداء کربلا سے عقیدت کا اظہارکیا اور کیمپ میں تلاوت٬دعائوں اور روزہ افطار کا اہتمام کیا گیا۔واضح رہے کہ کمسن طالب علم فہرامجد ڈاکٹر عافیہ کے بدلے خود کوبقیہ سزا کیلئے پیش کرچکے ہیں۔فہر امجد نے امریکی صدر باراک اوبامہ سے اپیل کی کہ امریکہ میں الیکشن سے قبل ڈاکٹر عافیہ کورہا کرکے پاکستانی بچوں کو امریکی قوم کی طرف سے تحفہ دیں۔

(جاری ہے)

فہر امجد نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی قوم کے بچوں کی آواز سنیں اور باجی عافیہ کو وطن واپس لانے کی خوشخبری دیں۔قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ناانصافی پر مبنی 86 سالہ سزا کے خلاف اور وطن واپسی کیلئے کراچی پریس کلب پر 86 روزہ’’ ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘26ویں دن بھی جاری رہا۔عافیہ موومنٹ کی رضاکار خواتین عذرا امجد٬رواحہ عالم٬ نور خاتون٬ کرن سہیل٬نجمہ بی بی٬ روبینہ ابراہیم ٬ مقدس غلام رسول٬ فوزیہ ابراہیم ٬ عروج فاطمہ٬ عدنان بھٹی٬ امام حسین ہمدم و دیگر نے ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے تلاوت کلام پاک٬ ذکرواذکار اور دعائوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے۔

متعلقہ عنوان :