جے یو آئی کی امن کانفرنس بلوچستان میں بدامنی کے ناسور کیلئے اکسیر دوا ہوگی ٬مولانا غلام قادر قاسمی

کانفرنس کے انعقاد کے مثبت اثرات بلوچستان کے مستقبل کے حالات پر مرتب ہونگے٬نائب امیر جے یو آئی بلوچستان

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:42

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ بلوچستان کے نائب امیر وضلعی امیر جے یو آئی لسبیلہ مولانا غلام قادر قاسمی نے گذشتہ روز جامعہ مدینہ اوتھل میں جے یو آئی اوتھل اور انصار اسلام فورس لسبیلہ کے ذمہ داران سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16 اکتوبر 2016ء کو خضدار میں جے یو آئی کے زیراہتمام منعقد ہونے والا عظیم الشان اورفقید المثال امن کانفرنس اور قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن و دیگر قائدین کا خطاب بلوچستان میں برپا بدامنی کے ناسور کیلئے اکسیر دوا ہوگی اور اس کانفرنس کے انعقاد کے مثبت اثرات بلوچستان کے مستقبل کے حالات پر مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان کے بلوچ قوم کو اپنے وسائل اور اپنے صوبے کا امن اور اپنے حقوق عزیز ہیں تو جمعیت علماء اسلام کے پرچم تلے آکر جہد مسلسل کا حصہ بنیں تب اپنے حقوق کا حصول ممکن ہوسکتاہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ جمعیت وہ واحد جماعت ہے جسے ہرفورم پر بلوچستان کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اورکرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی قوتوں کے آلہ کار وطن عزیز کے اسلامی تشخص اور اسلامی تہذیب و شناخت کو ختم کرنے کے گہری سازشوں میں مصروف ہیں۔

ان حالات میں جمعیت علماء اسلام قوم کو پیغام دے رہی ہے کہ امن سلامتی اسلامی نظام میں ہے عوام امن وامان و اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جمعیت کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالحمید عارف ٬ ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا شاہ محمد صدیقی٬ ضلعی پریس سیکریٹری محمد یوسف٬ ضلعی نائب سالار غلام قادر٬ اوتھل کے امیر مولانا مفتی محمد سعید٬ تحصیل بیلہ کے سالار سید ابن شاہ ٬ تحصیل اوتھل کے سالار مولانا محمد رفیق عمرانی٬ حافظ حسین احمد مدنی٬ مولانا عبدالغفار ٬ مولانا عبدالمنان٬ قاری محمد طاہر ودیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :