کراچی :پانی فراہم کرنے والی کنڈیوٹ کینال اور سائفن سے غیر قانونی کنکشن٬ پانی چوری کرنے کا انکشاف

ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید کا سخت برہمی کا اظہار ٬ فوری طور پر ناجائز کنکشن اور پانی چوری خاتمہ کی ہدایت

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے کراچی شہر کوپانی فراہم کرنے والی کنڈیوٹ کینال اور سائفن سے غیر قانونی کنکشن لیئے جانے اور پانی چوری کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اور سپرنٹنڈنگ انجینئر بلک واٹرسپلائی کو متنبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان ناجائز کنکشن اور پانی چوری کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگراس مقصد کیلئے تشکیل دی گئی خصوصی ڈسکنکشن ٹیمیں کارروائی کریں گی اور وہ خود بھی کسی بھی دن اچانک چھاپے مارکر غیرقانونی طور پر بلک سپلائی سے پانی چوری کا قلع قمع کروائیں گے اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ٬ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز ٬ سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹیو انجینئر بلک واٹر سپلائی کے نام ایک مراسلے میں انہوں نے کہا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق چلیہ اور گجو سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی واٹربورڈ کے کینال٬ کنڈیوٹ٬اور سائفن کو متعدد مقامات پرنقصان پہنچا کر پانی چوری کیا جارہا ہے ٬پانی چور عناصر کراچی کو فراہم کیا جانے والا پانی زرعی و دیگر مقاصد کے لئے استعمال کررہے ہیں ٬انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں متعدد بار احکامات جاری کئے جانے کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی واضح کارروائی نہیں کی گئی٬جس کے باعث پانی چوروں کے حوصلے بلند ہورہے ہیں ایم ڈی واٹربورڈ نے مزید کہا کہ اگر یہ پانی لوگوں کو فراہم کیا جارہا ہے تو اس کی باقاعدہ منظوری حاصل کرکے ان کنکشنز کو قانون کے دائرے میں لایا جائے اور ٹیکس چلان جاری کیا جائے ٬بصورت دیگر پانی چوروں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں ٬دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ نے چلیہ ٬گجو او ر گھارو سے کراچی او ر شہر کے مضافاتی علاقوں میں کارروائی کے لئے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جن میں تمام شعبہ جات کے افسرا ن و اہلکاروں کوشامل کیا گیا ہے ۔

#

متعلقہ عنوان :