کوئٹہ٬کیڈٹ کالج کوہلو میں انٹر ہاؤس باسکٹ بال ٹورنامنٹ حید ر ہاؤس نے جیت لیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء)کیڈٹ کالج کوہلو میں انٹر ہاؤس باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیاگیا۔ ہر ہاؤس سے کیڈٹس نے انتہائی جوش وجذبہ سے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ فائنل میچ حیدراور عمر ہاؤس کے مابین کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تاہم حید ر ہاؤس نے 14کے مقابلے میں 9پوائنٹس کے ساتھ یہ ٹورنامنٹ جیت لیا۔

کیڈٹ ارسلان حیدر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ مقابلے کے اختتام پر پرنسپل کیڈٹ کالج کوہلو پروفیسر ناصر مراد نے تمام کھلاڑیوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ کالج ہذ ا زیر تعلیم کیڈٹس کو بہتر ین تعلیم و تربیت مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ جسمانی طور پر بھی صحت مند بنانے میں مصروف ہے جس کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاددراصل کیڈٹس کو چاک و چوبند رکھنے اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ایک کوشش ہے۔ یہ سرگرمیاں صرف کھیلوں کے مخصوص اوقات میں منعقد کی جاتی ہیں جس سے پڑھائی کے اوقات متاثر نہیں ہوتے یہی وجہ ہے کہ تمام کیڈٹس کے تعلیمی نتائج بھی شاندار ہیں۔ انہوں نے تمام کیڈٹس کو تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بھر پور شرکت کی دعوت دی۔