عوام اور علماء کرام کے مثالی کردار کے باعث عاشورہ کا پر امن انعقاد ممکن ہو سکا

صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عوام ٬ علماء کرام اور سیکیورٹی فورسز کے مثالی کردار اور بہترین کارکردگی کے باعث عاشورہ کا پر امن ماحول میں انعقاد ممکن ہو سکا جس کے لئے یہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ عوام اور متعلقہ اداروں نے مشترکہ کاوشوں سے عاشورہ کے دوران امن بر قرار رکھ کر ثابت کر دیا ہے کہ صوبے کے عوام باشعور اور سیکیورٹی فورسز بہادر اور دلیر ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی بھر پور صلاحیت اور جذبہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے پولیس ٬ لیویز ٬ ایف سی اور پاک فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبہ کا امن تباہ کرنے کی ہر سازش کو عوام اور حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے نا کام بنادیا جائے گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء آئی جی پولیس احسن محبوب نے بھی عاشورہ کے پر امن انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر تے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کیں جس پر ڈیوٹی سر انجام دینے والا ہر اہلکار مبارکباد کا مستحق ہے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا خصوصی شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات میں ہمیں وزیر اعلیٰ کی مکمل راہنمائی اور تعاون حاصل رہا جس سے سیکیورٹی فورسز کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

متعلقہ عنوان :