وزیراعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ کی ملاقات‘ ملکی سیاسی٬ داخلی اور امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال

وزیر داخلہ نے سیرل المیڈا انکوائری سے متعلق آگاہ کیا ‘وطن واپس آنے پر انکوائری مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی حکومت‘ فوج اور عوام دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں‘ وزیراعظم کی محرم میں ملک بھر میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے پر وزیر داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحسین

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) وزیراعظم سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات‘ ملکی سیاسی٬ داخلی اور امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے سیرل المیڈا انکوائری سے متعلق آگاہ کیا اور وطن واپس آنے پر انکوائری مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے یوم عاشور پر سکیورٹی کے موثر انتظامات کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہونے والی ملاقات میں وزیر داخلہ چودھری نثار نے وزیراعظم نواز شریف کو ملک میں امن وامان اور سیرل المیڈا انکوائری میں پیشرفت سے آگاہ کیا٬ چوہدری نثار نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ جلد انکوائری مکمل کرلی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سیرل المیڈا کا نام ای سی ایل میں رکھنے یا نکالنے کا فیصلہ آج وزارت داخلہ کی 4 رکنی کمیٹی کے اجلاس میں متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت٬ فوج اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہیں٬ وزیراعظم نے محرم میں ملک بھر میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے پر وزیر داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف بھی کی۔