Live Updates

لاہور ہائیکورٹ میں اسلام آباد دھرنے اور عمران خان کیخلاف بغاوت کی کارروائی کیلئے متفرق درخواست دائر

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کی طرف سے اسلام آباد میں دھرنے کیخلاف اور عمران خان کیخلاف بغاوت کی کارروائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ میں یہ متفرق درخواست شہری عاطف ستار نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے رائیونڈ میں منتخب وزیر اعظم کیخلاف اشتعال انگیز تقریر کی اور عوام کو حکومت کیخلاف اکسایا٬ رائیونڈ جلسے کے دوران عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ اسلام آباد بند کر دیں گے اور اب تیس اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے٬ عمران خان کا یہ اقدام ضابطہ فوجداری کی دفعہ ایک سو چوبیس اے کے تحت بغاوت کے ذمرے میں آتا ہے٬ متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو اسلام آباد بند کرنے سے روکا جائے اور وفاقی حکومت کو عمران خان کیخلاف دفعہ124 کے تحت بغاوت کی کارروائی کا حکم دیا جائے۔

(بخت گیر)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات