پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں ٬جمہوریت کے تسلسل کیلئے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے٬ سید قائم علی شاہ

رجعت پسندوں٬ انتہا پسندوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو اپنے مذموم عزائم پاکستانی قوم پر مسلط کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھا٬ سابق وزیر اعلیٰ سندھ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 20:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں اور جمہوریت کے تسلسل کیلئے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور اسی وجہ سے رجعت پسندوںاور انتہا پسندوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو اپنے مذموم عزائم پاکستانی قوم پر مسلط کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھا اور 2013ء کے الیکشن میں طالبان دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی کو انتخابات میں کھل کر حصہ نہیں لینے دیا لیکن پاکستان کے باشعور٬ ترقی پسنداور روشن خیال عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر 2007کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی پاکستان آمد پر ان کا فقید المثال اور تاریخی استقبال کیا گیا اور دہشت گردوں نے کارساز کے مقام پر بم دھماکے کر کے ہمارے 175کارکنان کو شہید کر کے 600سے زائد زخمی کر دیئے تھے۔

(جاری ہے)

ان شہدا سانحہ کارساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک عظیم الشان سلام شہدا ریلی 16اکتوبر بروز اتوار صبح 10بجے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میںنکالی جائے گی اس سلسلے میں پارٹی کے کارکنوں میںجوش و خروش پایا جاتا ہے اورپورے شہر میں پارٹی نے بینرز جھنڈے اور پینا فلکس آویزاں کئے ہیں یہ ریلی بلاول ہائوس سے شروع ہوکر کارساز کے مقام تک جائے گی جہاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک اہم خطاب کرینگے۔

وہ 16اکتوبر کی ریلی کے حوالے سے بلاول چورنگی پرعوامی سہولت کیلئے قائم کئے جانے والے مرکزی استقبالیہ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر کارکنان اور میڈیا سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مشیراطلاعات مولا بخش چانڈیو٬مشیر محنت سینیٹر سعید غنی٬ صوبائی وزیر شمیم ممتاز وسیع٬ راشد ربانی٬ وقار مہدی٬نجمی عالم٬ حبیب الدین جنیدی٬ لطیف مغل٬ ذوالفقار قائم خانی٬سردار خان٬ اقبال ساند٬ شرمیلا فاروقی٬وقاص شوکت اورسینکڑوں کارکنان موجود تھے۔

بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی سربراہ ایم این اے فریال تالپور نے بھی استقبالیہ کیمپ کا دورہ کیا اور کیمپ میں موجود ذمہ داران سے ریلی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور ہدایات دیں۔ واضح رہے کہ 16 اکتوبر کی ریلی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عوام بالخصوص نوجوانوں میں بہت جوش وخروش پایا جاتا ہے ٬ لوگ شہدا کار ساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جوق در جوق ریلی میں شرکت کیلئے تیاریوں میں مصروف ہیں۔یاد رہے کہ16اکتوبر کے حوالے سے منعقدہ ریلی کے لئے چھ اضلاع میں استقبالیہ کیمپ لگائے جائینگے اور پانی کی سبیلیں بھی قائم کی جائیگی۔