سجاول٬صوبائی وزیر محمدعلی ملکانی کے ضلع میں جانوروں میں خطرناک وائرس پھیل گیا

بٹھورو کے نواحی علاقے میں مویشیوں کی ہلاکتوں کے بعد اب سجاول کے قریبی علاقوں میں بھی تیزی سے وائرس پھیل گیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:45

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء)صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز محمدعلی ملکانی کے ضلع سجاول میں جانوروں میں خطرناک وائرس پھیل گیاہے ٬ کچھ روز قبل بٹھورو کے نواحی علاقے میں مویشیوں کی ہلاکتوں کے بعد اب سجاول بٹھوروروڈ اور بیلو کے قریبی علاقوں میں بھی تیزی سے وائرس پھیل گیاہے٬ مویشی مالکان نے بتایاکہ جانوروں میں منہ کھرعرف عام ساماڑو کی بیماری پھیل رہی ہے٬ جس میں جانوروں کے کھروں میںاور منہ میں زخم آنے کے ساتھ ان میں کیڑے پڑجاتے ہیں جس سے وہ چلنے اور کھانے سے معذور ہوجاتے ہیں علاج نہ ہونے کی صورت میں ہلاک ہوجاتے ہیں٬ طبی ماہرین کا اس ضمن میں کہناہے کہ ایک سبز رنگ کی بڑی مکھی سے یہ جراثیم پھیلتے ہیںجو کہ جانوروں کو کاٹنے کے بعد زخم میں لاکھوں کی تعداد میں انڈے چھوڑ دیتی ہے جو چند دنوں میں کیڑے بن کر اسی زخم کو کھاتے ہیں٬ یہ منہ ٬ کھروں اور تھنوں میں زیادہ ہوتی ہے اس کا علاج قبل ازوقت ویکسین کراناہے٬ تاہم علاقے میں کافی عرصے سے ویکسین نہیں کرائی گئی ہے٬ جبکہ اب سینکڑوں کی تعداد میں جانور متاثر ہونے کے بعد ان کے علاج کی سہولت میسر نہیں ٬متعلقہ محکمہ کو آگاہ کئے جانے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے ٬ غریب دیہاتیوں کی کل متاع مویشیوں میں بیماری سے انہیں کافی پریشانی کا سامنہ ہے ٬واضع رہے کہ ضلع سجاول کو بنے تین سال ہوئے ہیں تاہم لائیواسٹاک کا ضلعی آفس قائم نہیں ہوسکاہے جبکہ ٹھٹھہ کے ضلعی آفس سے سجاول ضلع بھر میں تمام ادویات کی فراہمی اور ویکسینشن کا کام بھی روک دیاگیاہے ٬ جس سے علاقے میں ڈیڑہ لاکھ سے زائد پالتومویشی بیماریوں میں مبتلاہیں٬ دودہ کی شدید قلت پیدا ہورہی ہے ٬جبکہ بیمار جانوروں کوقصائی خرید کر گوشت بیچ رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر بیمار جانور کراچی میں بھی فروخت کئے جارہے ہیں صوبائی وزیر کے اپنے ضلع میں مویشیوں کی دیکھ بھال او ر صحت کی سہولیات کا فقدان ہے ٬مقامی مویشی مالکان نے فوری طور پر علاقے میں بیمار جانوروں کے علاج کے ساتھ ویکسین کرانے اور اسپرے کرانے کا مطالبہ کیاہے علاوہ ازیں دودھ اور گوشت کیلئے مزید نئے پروجیکٹ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیاہے تاکہ غریب مویشی مالکان کو فائدہ ہوسکے ٬