حافظ آباد٬ڈی سی او محمد علی رندھاوا کی ضلع میں صفائی کی صورتحال میں بہتری اور سڑکوں٬ بازاروں کیتجاوزات کے خاتمے کیلئے 17اکتوبر مہم چلانے کی ہدایت

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:41

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے ضلع بھر میں صفائی کی موجودہ صورتحال میں نمایاں بہتری اور سڑکوں ٬بازاروں کی عارضی تجاوزات کے خاتمے کیلئے 17اکتوبر (سوموار) سے ٹھوس اور بھر پور مہم چلانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ خراب کارکردگی اور مطلوبہ نتائج نہ دکھانے پر ٹی ایم اوز اور چیف آفیسرز ذمہ دار ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈروں کا بھی تعاون حاصل کیا جائے گااور تھرڈ پارٹی آڈٹ کے ذریعے مہم کی کارکردگی کو جانچا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی اور تجاوزات کا خاتمہ ٹی ایم ایز کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کی ادائیگی میں مذید کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی او آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اے ڈی سی نعمان حفیظ ٬سینئر ایڈمنسٹریٹر آفیسر اللہ دتہ وڑائچ ٬اے سی عمر فاروق وڑائچ ٬اے سی میڈم نوشین سرور سمیت حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں ٹی ایم ایز کے متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ڈ ی سی او نے ہدایت کی کہ دیر پا نتائج کے حصول کیلئے انجمن تاجران کے نمائیندوں کا تعاون بھی ناگریز ہے اور ضلعی انتظامیہ بجا طور پر یہ توقع کرتی ہے کہ شہری ٬عوامی مسائل کے حل کے سلسلہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز رضا کارانہ تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہم کو کامیاب بنانے اور حتمی لائحہ عمل طے کرنے کیلئے انجمن تاجران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اتوار کو تفصیلی میٹنگ بھی ہوگی۔انہوں نے ہدایت کی کہ عملہ صفائی مین سڑکوں کے ساتھ گلی ٬محلوں کی صفائی کی صورتحال کو بھی بہتر بنائے اور اپنی کارکردگی کو تصویری ثبوتوں کے ساتھ ثابت کرے بصورت دیگر عوامی شکایات اور اچانک معائنہ کے دوران نظر آنے والی کوتاہی کا سخت نوٹس لیا جائیگا۔

انہوں نے رسولپور تارڑ میں سڑک پر بہنے والے گندے پانی کے نکاس کے لیے بروقت اقدام نہ کرنے پر چیف آفیسر جلال پور بھٹیاں پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں صرف اچھی کارکردگی اور نتائج دکھانے والے افسران اور ملازمین کی ضرورت ہے جبکہ فرائض کی ادائیگی میں عدم دلچسپی برتنے والے اپنے لیے کوئی اور ضلع ڈھونڈ لیں۔اے ڈی سی نعمان حفیظ ٬اے سی میڈم نوشین سرور اور دیگر افسران نے صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں ٹی ایم ایز کی کارکردگی اور صورتحال کی بہتری کے لیے مجوزہ صفائی پلان کے حوالہ سے ڈی سی او کو بریف کیا۔

قبل ازیں ڈی سی او نے ڈسٹرکٹ پبلک لائبریری کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے لائبریری کے امور میں مذید بہتری کے لیے ڈی او کوارڈ میڈم مرضیہ حسنین چنگیزی کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ طلباء و طالبات اور عوام الناس میں کتب بینی کے رحجان کو فروغ دینے کے لیے کتب کے اجراء کے طریقہ کار کو حتی الواسع آسان بنایا جائے۔اے ڈی سی نعمان حفیظ بھی ساتھ تھے۔