یوم عاشور کا ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ ریلوے اسٹیشن مریدکے سے برآمد ہوا

جلوس مقررہ روٹ سے ہوتا ہوا حویلی مرزا نثار بیگ میں اختتام پذیر ہو گیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:41

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) یوم عاشور کے سلسلہ میں مرکزی ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ ریلوے اسٹیشن مریدکے سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ روٹ مین بازار اور جی ٹی روڈ سے ہوتا ہوا حویلی مرزا نثار بیگ عقب تھانہ صدر مریدکے میں اختتام پذیر ہو گیا۔ شیعہ مرکز کے رہنما منور حسین شاہ پٹواری٬ احمد رضا عرف پومے شاہ کی قیادت میں ماتمی جلوس دوپہر ایک بجے مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا اور شرکاء نے غلہ منڈی مریدکے میں نماز ظہرین ادا کی جس کے بعد چوک بابا جن میںدرجنوں اعزادار زنجیر زنی کرکے شہداء کربلا کو خون کا نذرانہ پیش کیا۔

چوک بابا جن میں شیعہ علماء نے شہادت امام حسینؑ بیان کی اور شہداء کربلاء و غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

جی ٹی روڈکشمیر چوک پر بھی اعزا ء داروں نے زنجیر زنی کی جس کے بعد ماتمی جلوس رات آٹھ بجے اپنی منزل حویلی مرزا نثار بیگ عقب تھانہ صدر مریدکے میں اختتام پذیر ہوا ۔ ڈی ایس پی سرکل مریدکے میاں محمد اکمل کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری ماتمی جلوس کی سکیورٹی پر مامور رہی جبکہ امامیہ اسکاؤٹس اور نجی سیکیورٹی اہلکار بھی اپنے فرائض سر انجام دیتے رہے۔

اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے مریدکے چودھری محمد ارشد بھدرنے بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ جلوس کی نگرانی کی جبکہ بلدیہ کی طرف سے تمام راستوں سے رکاوٹیں ختم کرنے کے علاوہ لائٹس کا خصوصی اہتمام کیا۔ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122کی ٹیم نے زنجیر زنی کرنے والے ایک سو سے زائد افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ ریسکیو کی تین اور محکمہ صحت کی دو ایمبولینس گاڑیوں نے پچاس کے قریب شدید زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔

ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز ورک نے مرکزی امام بارگاہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ امن کمیٹی کے رکن علامہ صاحبزاد امجد اجمل٬ ملک محمد اشرف٬ سابق چیئر مین مارکیٹ کمیٹی ساجد ڈھلوں سمیت دیگر نے ماتمی جلوس کے ساتھ پورا دن گزارا اور مذہبی رواداری کی عظیم مثال پیش کی۔معروف شیعہ رہنما منور حسین شاہ پٹواری نے پر امن طریقے سے ماتمی جلوس کے خاتمے پر مقامی پولیس٬ بلدیہ حکام٬ محکمہ صحت کے حکام٬ لیسکو عملہ اور امن کمیٹی مریدکے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں اور شخصیات نے انتھک کوشش کرکے عاشورہ کا اہم دن پر امن طریقے سے گزارنے میں بھر پور کردار ادا کیا۔

بعد ازاں دوپہر چار بجے کے قریب امام بارگاہ والی خراساں داؤکے مریدکے میں ساجد حسین شاہ کی قیادت میں ماتمی جلوس نکالا گیا جو اپنے مقررہ روٹ سے ہوتا ہوا رات آٹھ بجے اختتام پذیر ہوا۔جلوسوں کے راستوں پر پانی٬ شربت اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں جبکہ شہریوں کی طرف سے نیاز کی تقسیم کا بھی وافر مقدار میں انتظام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :