کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کررکھی ہیں٬صوبائی وزیرمحمد عاطف

عوام کے خون پسینے کی کمائی کا حساب لینے کے لیے 30 اکتوبر کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہو ا سمند اسلام آباد کا رخ کرے گا٬عوامی اجتماع سے خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم وبرقیات محمد عاطف خان نے کہا کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کررکھی ہیں بے پناہ وسائل کے حامل ملک میں عوام حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے فاقے کرنے پر مجبور ہیں اس ناسور کو جڑ سے اُکھاڑنے کے لیے عمران خان میدان میں نکلے ہیں عوام کرپٹ حکمرانوں اور ان کے ہمنواؤں سے نجات کے لیے 30 اکتوبر کو اسلام آباد کا رخ کریں تاکہ پاکستان کو اپنی نئی نسل کے لیے ایک محفوظ ٬خوشحال اور ترقی یافتہ مملکت میں تبدیل کیا جاسکے ۔

وہ یونین کونسل رورل مردان کے علاقے پیر گڑھی اسلم خان کورونہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر علاقے کے بااثر خاندانوں اور بلدیاتی کونسلروں نے اپنے حامیوں سمیت پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

اجتماع سے رکن قومی اسمبلی مجاہد خان٬ ڈسٹرکٹ کونسلرز شاہد باچہ ٬شیر بہادر خان ٬تحصیل کونسلر ایاز صافی ٬ پارٹی رہنماؤں طارق آریانی٬پرویز شاہ باچہ اورمحمد حسن خان نے بھی خطاب کیا ۔

محمد عاطف خان نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں محمد حسن ٬ عثمان رحیم ممبر٬ بخت زادہ سمیت درجنوں افراد کو مبارکباد دی اور ان کو ٹوپیاں پہنائیں ۔ وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے نئے شامل ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج شامل ہونے والوں میں بزرگوں کی تعداد زیادہ ہے نوجوان تو پہلے ہی ہمارا سرمایہ ہیں لیکن اب بزرگ بھی عمران خان کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں نکلے ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ عوام کرپٹ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مزید چلنے کے لیے تیار نہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے حامی سیاسی جماعتیں عمران خان کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوچکے ہیں لیکن عمران خان عوام کے تعاون سے ان کو سیاسی افق سے ہمیشہ کے لیے ہٹا کر رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی فنڈز عوام کی فلاح وبہبود کی بجائے اپنے جیبیں بھرنے کے لیے خرچ کیے اور نیب کے ساتھ پلی بارگین میں کروڑوں روپے دینے والوں کو عوام بخوبی جانتے ہیں اور جس طرح 2013 کے الیکشن میں عوام نے انہیں مسترد کیا اسی طرح اگلے الیکشن میں ان کا انجام پہلے سے بھی برا ہوگا ۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے نظام کی تبدیلی کے لیے بنیادی قدم اُٹھا لیے ہیں کرپشن کے خاتمے کے لیے وسل بلوور ایکٹ جیسے اقدامات کا حوصلہ پی ٹی آئی جیسی کرپشن فری جماعت ہی کرسکتی ہے ۔کرپشن کا بازار گرم کرنے والے ضرور اپنے اعمال کا جواب دیں گے اور عوام کے خون پسینے کی کمائی کا حساب لینے کے لیے 30 اکتوبر کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہو ا سمند اسلام آباد کا رخ کرے گا۔

متعلقہ عنوان :