شانگلہ ٬ مرمت و بحالی کیلئے پہلے سے نامزد سڑکوں کیلئے 22کروڑ ر جبکہ دیگر منصوبوں کیلئے 20کروڑ فراہم کر دیئے گئے ہیں٬پرویز خٹک

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شانگلہ میں حالیہ سیلاب سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرمت و بحالی کیلئے پہلے سے نامزد سڑکوں کیلئے 22کروڑ روپے جبکہ دیگر منصوبوں کیلئے 20کروڑ روپے فراہم کر دیئے گئے ہیں۔

لہٰذا جن سکیموں کی پہلے سے نشاندہی کی گئی ہے انہیں بروقت مکمل کیا جائے اور شفافیت یقینی بنائی جائے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع شانگلہ کے ریلیف فنڈز سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ممبر صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی٬ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں٬ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنر شانگلہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے شانگلہ میں کھیل کے میدان کی تعمیر میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب 4کروڑ 20لاکھ روپے اس منصوبے کیلئے پہلے سے مختص ہیں تو پھر کام شروع کرنے میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کھیل کے میدان میں کمرہ٬ پانی اور دیگر سہولیات یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے بشام میں گرائونڈ کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی کی بھی ہدایت کی۔ پرویز خٹک نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی فلاح کے منصوبوں کیلئے عوامی نمائندوں سے مشاورت کیا کریں کیونکہ انہیں عوام کے مسائل کا زیادہ علم ہوتا ہے۔