اوکاڑہ٬ انسداد ملاوٹ کیلئے متعلقہ محکمے اپنی کارروائیاں تیز کریں٬ ڈی سی او

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:33

اوکاڑہ۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء)ڈی سی او سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ ضلع میں انسداد ملاوٹ کیلئے متعلقہ محکمے اپنی کارروائیاں تیز اور سماج دشمن عناصر کیخلاف اقدامات کرتے وقت کسی قسم کے دبائو کو خاطر میں نہ لائیں٬ جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری کھادوں کے کاروبار میں ملوث افراد کو ہر گز نہیں چھوڑا جائے گا ٬محکمہ زراعت کے افسران زرعی ادویات اور کھادوں کے نمونے روزانہ کی بنیاد پر لیبارٹری بھجوائیں اور جن کھادوں اور زرعی ادویات کے ڈیلروں کے نمونہ جات لیبارٹری سے ناقص ہونے کی تصدیق ہو جائے ان کیخلاف فوری مقدمات درج کروا کر مقدمہ کی پیروی کی جائے ٬ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ملاوٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ٬اجلا س میں ای ڈی سی چوہدری محمد ریاض٬ڈی او سی چوہدری طاہر امین ٬ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شیر محمد شیراوت سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ٬ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شیر محمد شیراوت اور ڈی او زراعت توسیع چوہدری فاروق جاوید نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں زرعی ادویات کے اب تک 270سیمپل لے کر لیبارٹری کو بھجوائے گئے تھے جن میں 190کے نتائج موصو ل ہوئے ہیں جن میں 183معیاری اور 7غیر معیاری ثابت ہونے پر ان کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں٬اسی طرح کھاد کے 130نمونے لیبارٹری بجھوئے گئے جن میں سے 84کے نتائج موصو ل ہوئے اور 74سیمپل معیاری جبکہ 10غیر معیاری ثابت ہونے پر ان کیخلاف مقدمات درج کروا دئیے گئے ہیں۔