بھارتی فوج کے ٹارچر سیل میں میرے شوہر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے‘ اقوام متحدہ کی طرف سے بھارتی حکام کو خط کے باوجود انہیں ہسپتال منتقل اور رہا نہ کرنا بھارتی انسانیت سوز مظالم کی بدترین مثال ہی

کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا احتجاجی مظاہرہ سے خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 19:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے ٹارچر سیل میں میرے شوہر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے‘ اقوام متحدہ کی طرف سے بھارتی حکام کو خط کے باوجود انہیں ہسپتال منتقل اور انہیں رہا نہ کرنا بھارتی انسانیت سوز مظالم کی بدترین مثال ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام عالم مقبوضہ وادی سے بھارتی فوج کے انخلاء اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لئے اپنا فوری کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں‘ اراکین پارلیمنٹ‘ سول سوسائٹی‘ تاجر اور وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جس پر بھارتی مظالم‘ پیلٹ گنز کے استعمال‘ خواتین اور بچوں پر تشدد کی کارروائیوں‘ برہان وانی کے قتل اور 11 سالہ جنید کو گولیوں سے چھلنے کرنے کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ مشعال ملک نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کی انتہاء کے باوجود اقوام عالم کی خاموشی تشویشناک ہے۔

بھارت کشمیریوں کی آواز کو طاقت سے دبانا چاہتا ہے۔ اس لئے اب اس نے کشمیریوں کی نسل کشی کی کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے لیکن جذبہ حریت سے سرشار نہتے کشمیریوں کی جدوجہد نہ تھمی ہے‘ نہ تھمے گی اور کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ مشعال ملک اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سفارتی‘ سیاسی اور اخلاقی حمایت کی ہے اور آزادی کشمیر تک یہ حمایت جاری رہے گی۔

مقررین نے ایک بار پھر اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کردار ادا کرے۔ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تک پوری دنیا بالخصوص جنوبی ایشیاء میں امن نہیں آ سکتا۔ خطہ کی پائیدار ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو چکا ہے۔ مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بھارتی رویوں کی شدید مذمت کی۔

متعلقہ عنوان :