پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن کل منایا جائے گا

ہاتھوں کی صفائی اور صاف پانی کے استعمال سے اسہال سمیت متعدد بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہی سالانہ اڑھائی لاکھ بچے اسہال کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں: پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن کل 15/اکتوبر کو منایا جا رہا ہے ٬پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مطابق ہاتھوں کی صفائی اور صاف پانی کے استعمال کے ذریعے اسہال٬ ٹائیفائیڈ٬ پیٹ کی متعدد بیماریوں اور ہیپاٹائٹس اے سے محفوظ رہ سکتے ہیں٬ پاکستان میں اس کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ سالانہ اڑھائی لاکھ بچے اسہال کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

پیما کے شعبہ ہائی جین پروموشن پروگرام کے تحت ملک بھر بالخصوص سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں صاف پانی کے استعمال سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے متعدد منصوبے جاری ہیں۔ پیما کے انچارج ریلیف پروفیسر محمد افضل اور انچارج پروگرام ڈاکٹر عبدالعزیز میمن نے کہا کہ دیہی علاقوں میں تعلیم اور شعور کے باعث یہ بیماریوں اور اس کے مضر اثرات زیادہ عام ہیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ پروگرام کے تحت لوگوں کو یہ بتایا جاتا ہے کہ بالعموم یہ بیماریاں تمام عمر کے افراد کو یکساں متاثر کرتی ہیں تاہم بچے اس کا زیادہ شکار اس لئے ہوتے ہیں کہ وہ نہ تو حفظان صحت کے اصولوں کا صحیح شعور رکھتے ہیں اور نہ ہی اپنی دیکھ بھال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بیماریوں میں مبتلا افراد کو پہلے پیٹ کا درد ہوتا ہے٬ مروڑ اٹھتے ہیں ٬ پتلا پاخانہ باربار آتا ہے او ر بخار بھی ہو سکتا ہے۔ ایسی صورت میں فوری طبی امداد کے لئے رجوع کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان بیماریوں سے صرف اور صرف صاف پانی کے استعمال اور عام استعمال سے قبل ہاتھوں کی صفائی کے ذریعے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :