میجر جنرل عمار رضا کا کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا دورہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ (AFPGMI)راولپنڈی کے کمانڈنٹ میجر جنرل عمار رضا نے گذشتہ روز کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ بریگیڈیئرشازیہ سرور ٬ایم ایس سی (میڈیکل ایڈمنسٹریشن )کورس سیریل36 کے دیگر34افسران بھی تھے ۔اس موقع پرکمانڈنٹ سی ایم ایچ بریگیڈیئر سلمان احمد ٬کمانڈنٹ ایف سی ہسپتال کرنل اعجاز احمد بھی موجود تھے۔

اس موقع پرشرکاء کو سیمینار ہال میں خوش آمد کہتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارباب عبدالودود نے کہا کہ QIMSکالج 2011سے معیاری طبی تعلیم فراہم کررہا ہے اور اسی سلسلے میں طلبہ و طالبات کو ملک کے مختلف میڈیکل کالجز کا دورہ بھی کروایا جاتا ہے۔QIMS کالج اپنے طلباء کومعیاری تعلیم مہیا کررہا ہے جو کسی بھی اچھے میڈیکل کالج کا خاصا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمانڈنٹ /وائس پرنسپل بریگیڈیئر محمد علیم نے کہا کہ بلوچستان میں آج وہ خوف کا عفریت پاک فوج کی انتھک کاوشوں کی بدولت ختم ہو چکا ہے جو ہمارے لوگوں کے ذہن میں ڈالا گیا تھا ۔

بلوچستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ ہمارے حوصلے بلند اور ہمارا عزم پختہ ہے اور QIMSکالج اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے یہاں نہ صرف تعلیمی بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جس سے ہمارے طلبہ کی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کو پنپنے کا موقع ملتا ہے کیونکہ یہی نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اس کے بعد میڈیکل آفیسرز کو QIMSکالج کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا گیا۔

بعد ازاں آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ (AFPGMI)راولپنڈی کے کمانڈنٹ میجر جنرل عمار رضا نے مختلف شعبوں میں فراہم کی گئی جدیدسہولیات کو سراہا۔جو طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے انتہائی معاون ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کالج آئندہ آنے والے سالوں میں قابل اور پیشہ ور ڈاکٹر بلوچستان کے لئے مہیا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :