صوبائی حکومت مرکز سے اپنے تمام حقوق لے کر رہے گی٬مظفر سید ایڈوکیٹ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:20

تیمرگرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور نوجوان ہی قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے نوجوان آگے بڑھ کر ملک کو چوروں٬ لٹیروں اور غاصبوں کے پنجے سے آزاد کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اپنے آبائی گائوں بنڑگے تالاش میں خوشحال کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پرتقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ٹورنامنٹ میں ضلع دیر پائین کے چوالیس ٹیموں نے حصہ لیا جو بنڑگے تالاش میں ستر دنوں سے جاری رہا۔ٹورنامنٹ کا فائنل میچ بردرز کرکٹ کلب تیمرگرہ اور بی سی سی جونیئر بانڈہ گئی تالاش کے درمیان کھیلا گیااور ایک دلچسپ مقابلے کے بعد تیمرگرہ کلب نے فائنل جیت کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تماشایئوں٬ بلدیاتی نمائندوں اور عمایدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے تیمرگرہ تحصیل ناظم ریاض محمد٬ تحصیل کونسلر محمد رازق٬ ڈسٹرکٹ کونسلر محمد حکیم خان٬ فضل قادر٬ ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فضل ستار و دیگر نے بھی خطاب کیا۔تحصیل ناظم تیمرگرہ ریاض محمد نے آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے تیس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایدوکیٹ نے ونر ٹیم کیلئے بارہ ہزار٬ رنرآپ ٹیم کیلئے دس ہزار جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے 38ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔

اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے قوم کے پیسوں سے بڑے بڑے محلات تعمیر کئے ہیں اور قومی دولت لوٹ کر بیرون ممالک منتقل کر دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مرکز سے اپنے تمام حقوق لے کر رہے گی۔انھوں نے کہا کہ ہم تیل٬ گیس٬بجلی٬ جنگلات اور قیمتی معدنیات میں اپنا حصہ مانگتے ہیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں خوشحال زندگی گزار سکیں۔

مظفر سید نے کہا کہ اُن کی پارٹی جماعت اسلامی روز اول سے کرپشن سے پاک خوشحال اور اسلامی پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور نوجوان اس مقصد کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔انھوں نے کہا کہ تیمرگرہ میں چھیالیس کنال آراضی پر سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں تاہم زمین کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہے جسکی وجہ سے اس پر کام کا آغاز نہیں ہو سکا۔

علاقے میں ترقیاتی کاموں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ تالاش بائی باس سڑک پر کام جاری ہے٬چکدرہ تیمرگرہ شاہراہ کو جلد موٹر وے سے منسلک کیا جائے گا اور آئندہ بجٹ میں گوپلم ایریگیشن سکیم کیلئے بھی فنڈز مختص کئے جائیں گے۔انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قلم و کتاب سے اپنا رشتہ مضبوط کریں اور ملکی نظام کو درست کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

مقررین نے شرکاء سے اپیل کہ آضاخیل پشاور میں بائیس اکتوبر سے شروع ہونے والے دوروزہ اجتماع میں خود بھی شرکت کریں اور اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی شریک کریں انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا یہ اجتماع عام کرپشن کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔آ خر میں مہمانوں نے بہترین ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کئے۔