سالٹ رینج نیشنل سفاری پارک کی فزیبلٹی دوبارہ تیا ر کرلی گئی

یہ منصوبہ 2016-17ء کے ترقیاتی بجٹ میں 350ملین کے ابتدائی تخمینہ کے ساتھ شامل کیا گیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ لوگوں کو بین الاقوامی معیار کی تفریح کی سہولیات فراہم کرنے کااصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں موٹروے کے اطراف میں ایک ہزارایکڑ رقبہ پر نیشنل سفاری پارک سالٹ رینج کی فزیبلٹی سٹڈی دوبارہ تیار کی جاچکی ہے۔

اس منصوبے کا کل غیر حتمی تخمینہ 4ارب 30کروڑروپے لگایا گیا ہے تاہم یہ منصوبہ 2016-17ئ کے ترقیاتی بجٹ میں 350ملین روپے کے ابتدائی تخمینہ کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حتمی منظوری ملتے ہی اس منصوبے پر کا م شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تفریح کا یہ منصوبہ صوبے کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہوگا۔انہوں نے یہ بات آج یہاں اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنیوالے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیشنل سفاری پارک سالٹ رینج کی فزیبلٹی رپورٹ جون 2016ئ میں مکمل کی گئی تھی مگر تفریح کیلئے آنیوالوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تحفظات کے باعث فزیبلٹی سٹڈی میں مزید مثبت اور تعمیری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد اسے ملک میں اب تک قائم کئے جانیوالے تمام تفریحی پارکس میں کلیدی حیثیت حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے کلر کہار کے بالکل قریب ایک باقاعدہ سٹاپ اوور بنایا جائے گا جہا ں موٹروے پر سفرکرنے والے اور دیگر علاقوں کے عوام تفریح کی اس معیاری سہولت سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا نیشنل سفاری پارک میں جانوروں کی مقامی اور بدیسی اقسام کے سفاری بنائے جائیں گے۔خالد عیاض خان نے کہا کہ نیشنل سفاری پارک میں بچوں اور بڑوں کی دلچسپی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے اورلوگوں میں جنگلی حیات کی اہمیت وافادیت بارے تحریک پیداکی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل سفاری پارک میں مقامی اقسام اڑیال ٬ چنکارہ ہرن سفاری جبکہ افر یقین ٬ اریبین اوریکس اورزیبرا سفاری بھی بنائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کوحتمی شکل دیتے وقت اس کی تمام جزئیات پرتفصیلی غور کرکے اسے فول پروف بنایاجا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :