شاہ سلمان بن عبدالعزیزپاکستا ن کے عمرہ زائرین پر تجویز کردہ 2 ہزار ریال فیس پر نظر ثانی کریں٬ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن

جمعرات 13 اکتوبر 2016 17:56

ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) کے چیئرمین ٬ عہدیداران و سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعودکو اپیل کی ہے کہ پاکستان کے عمرہ زائرین پر سعودی عرب کی طرف سے تجویز کردہ 2 ہزار ریال فیس پر نظرِ ثانی فرمائیں۔ انہوں نے پریس اور الیکٹرانک میڈیا کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دوسرا بڑا اسلامی ملک ہے جہاں سے ہر سال تقریباً 10 لاکھ عمرہ زائرین عمرہ کی فریضہ کی ادائیگی کے لئے حجازِ مقدس جاتے ہیں۔

پاکستان کا شمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے اور اس کی آبادی کا کثیر حصہ متوسط اور کم آمدن والے طبقے سے تعلق رکھتا ہے۔ہرسال صاحبِ حیثیت و استطاعت کے علاوہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری عمرہ فریضہ کی ادائیگی کو دینی سعادت سمجھتے ہوئے سعودی عرب جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے اللہ کے مہمانوںیعنی حجاجِ کرام کی سہولت کے لئے حرمین شریفین میں توسیع اور حاجیوں کی سہولت کے لئے جو انتظامات یقینی بنانے کے حکم صادر فرمایا ہے اور شاہ کے حکم کے مطابق حجاج کو سہولیات کی فراہمی بے نظیر و بے مثال ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کو اسلام آباد میں سعودی عرب کی ایمبیسی و کراچی میں قونصلیٹ جنرل کی طرف سے تاحال کوئی باضابطہ مراسلہ موصول نہیں ہوا مگر پرنٹ ٬ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے سے ملنے والی معلومات کے مطابق سعودی عرب کے وزراء کی قونصل نے اپنے اجلاس میں عمرہ ویزہ اور دیگر کیٹگریز کے ویزہ فیس میں کئی گنا اضافہ کیا ہے ۔

معلومات کے مطابق ہجری سال 1438 میں پہلی مرتبہ عمرہ فریضہ کی ادائیگی کے لئے جانے والے زائرین سے تجویز یا عائد کردہ فیس 2 ہزار ریال مملکتِ سعودی عرب خود برداشت کرے گی جبکہ دوسری مرتبہ یا اس سے زائد مرتبہ عمرہ ادائیگی کے لئے جانے والے زائرین ہر مرتبہ 2 ہزار ریال ویزہ فیس ادا کریں گے۔ چیئرمین٬ عہدیداران واراکین سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی نے بتایا کہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان اور اس کے تمام ممبران مملکتِ سعودی عرب کی تمام پالیسیوں اور احکامات کا احترام کرتی ہے تاہم انہوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کی وزراء قونصل کی طرف سے اعلان کردہ 2 ہزار ریال فیس سے پاکستانی شہریوں میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان دوسرا بڑا اسلامی ملک ہے جہاں سے لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین فریضہ کی ادائیگی کے لئے سعود ی عرب جاتے ہیں ۔ تجویز کردہ 2 ہزار سعودی ریال عمرہ ویزہ فیس کی وجہ سے زائرین کی کثیر تعداد عمرہ کی ادائیگی سے محروم ہونے کا اندیشہ ہے۔ اُمت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کا مملکت سعودی عرب کے ساتھ ایک ایسا ناطہ ہے کہ جسکو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی اور خاص طورپر پاکستان کے ساتھ جو تعلقا ت ہیں اسکی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

مملکت سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان اور اُمت مسلمہ کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ چاہے ہو مالی صورت ہو یا حق کی آواز بلند کرنے کی صورت ہو۔مملکت سعودی عرب کی پاک سرزمین سے خصوصی طور پر دونوں حرمین سے خصوصی محبت رکھنے کی وجہ سے ہر مسلمان کا بار بار حاضری دینے کا دل چاہتا ہے۔خادم حرمین شریفین کی دونوں حرمین پر خصوصی توجہ اور اسکے ساتھ ساتھ اسکی توسیع منصوبے انکی مثال دینا نا ممکن ہے۔

ان تمام محبتوں اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ و دوستانہ تعلقات اور وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اور 2ہزارریال کی تجویز کردہ عمرہ ویزہ فیس کی شرط پر پاکستانی شہریوں و عمرہ زائرین کی تشویش کے پیش نظر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعودکو اپیل کرتا ہے کہ پاکستان کے عمرہ زائرین پر سعودی عرب کی طرف سے تجویز کردہ 2 ہزار ریال فیس پر نظرِ ثانی فرمائیںاوراس فیس کو واپس لینے کے احکامات صادر فرمائیں تاکہ اُمت مسلمہ کے عمرہ زائرین کی کثیر تعداد عمرہ ادائیگی سے محروم نہ ہو بلکہ اس میں اور زیادہ اضافہ ہو ۔

ایسوسی ایشن نے وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے بھی اپیل کی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی و دوستانہ تعلقات کی روشنی میں خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی توجہ اس معاملے کی طرف دلائیں تاکہ پاکستانی عمرہ زائرین کی کثیر تعداد اس مقد س فریضہ کی ادائیگی سے محروم نہ رہ جائے۔

متعلقہ عنوان :