ساہیوال اور چیچہ وطنی میں مرکزی جلوسوں سمیت 12مجالس اور 61 جلوس برآمدہوئی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 17:26

ساہیوال۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) حضرت امام حسین ؓ کا یوم شہادت گزشتہ روز مذہبی عقیدت واحترام سے منایاگیا۔ ساہیوال اور چیچہ وطنی میں مرکزی جلوسوں سمیت 12مجالس اور 61 جلوس برآمدہوئے۔ پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کے روٹس پر تمام راستے خار دار تاروں اور قناتوں کے ذریعے سیل کئے گئے۔

عزاداروں کی تلاشی لیکر انہیں واک تھرو گیٹس سے گزار ا گیا۔ جلوس کے راستے میں تمام دکانیں بند تھیں اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے جبکہ ہزاروںمسلح پولیس اہلکار‘ قومی رضا کاران ‘ سول ڈیفنس اور پرائیویٹ رضا کا ر جلوس کے ہمراہ اور دکانوںکی چھتوںپر مسلح پولیس اہلکار تعینات تھے۔ ریسکیو1122‘محکمہ صحت اور ٹی ایم اے کی مختلف ٹیمیں بھی جلوس کے ہمراہ تھیں۔

(جاری ہے)

ساہیوال میں غلہ منڈی سے انجمن حیدریہ رجسٹرڈ کے زیر اہتمام صبح9بجے کے قریب ذوالجناح ‘علم اورماتمی جلوس نکالا گیا جو مختلف راستوںسے ہوکر محلہ فرید گنج میں ختم ہوا۔ یہاں پیر چراغ شاہ کی رہائش گاہ اور دیگر قریبی مقامات سے نکلنے والے جلوس مرکزی امام بارگاہ قصر بتول کے جلوس میںشامل ہو ئے جو مختلف بازاروں سے ہو تا ہوا رات تقریباً 10بجے کربلا مائی شاہ میں اختتام پذیر ہوا ۔

جلوس کے راستوں میں عزاداروں نے نوحہ خوانی‘ زنجیر زنی کی اور شیعہ ذاکرین علماء نے واقعہ کربلا کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی۔ریسکیو1122 کے عملہ نے مختلف مقامات پرزنجیر زنی کرنے والے 350 زخمی عزاداروںکو طبی امداد دی۔ جلو س کے ہمراہ ڈی سی او شوکت علی خاں کھچی‘ڈی پی او محمد عاطف اکرام اوردیگرپولیس افسران کے علاوہ سول سوسائٹی کے راہنما شیخ اعجاز احمد رضا ودیگر مختلف تنظیموں کے نمائندہ افراد اور مقامی صحافی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :