ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مزید دوخواتین کی جانب سے دست درازی کا الزام

ٹرمپ نے خبرکردارکشی قراردیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دے ڈالی٬اخبار خبر پر قائم

جمعرات 13 اکتوبر 2016 17:17

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) رپبلکن پارٹی کے صدارت امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنسی حراساں کرنے کے الزامات سامنے آنے کے بعد کئی مزید خواتین سامنے آئی ہیں جنھوں نے الزامات لگائے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے دست درازی کی تھی۔ادھرٹرمپ کی مہم نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اخبارکی خبر ٹرمپ کی 'کردار کشی' کی کوشش ہے۔

انھوں نے اخبار کو دھمکی دی کہ اگر یہ خبر واپس نہ لی گئی تو اخبار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔تاہم امریکی اخبار نے کہاہے کہ وہ اپنی خبر پر قائم ہے۔دو عورتوں نے امریکی اخبارکو بتایا کہ ٹرمپ نے بغیر اجازت ان سے دست درازی کی اور انھیں چوما۔امریکی میگزین کی ایک نامہ نگار نے اپنی کہانی لکھی ہے جس میں انھوں نے بیان کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کیسے انھیں زبردستی چوما۔

(جاری ہے)

نیویارک کے علاقے مین ہیٹن سے تعلق رکھنے والی جیسیکا لیڈز نے کہا کہ وہ جہاز پر ٹرمپ کے قریب بیٹھی ہوئی تھیں کہ ٹرمپ نے انھیں چھونا شروع کر دیا۔'وہ آکٹوپس کی طرح تھے ان کے ہاتھ ہر جگہ تھے۔ یہ (جنسی) حملہ تھا۔ریچل کروکس نے کہا کہ ٹرمپ نے ٹرمپ ٹاور کے باہر لفٹ میں انھیں ہونٹوں پر چوما تھا۔ اس وقت ان کی عمر 22 سال تھی اور وہ اس عمارت میں استقبالیہ کلرک تھیں۔

یہ بہت غیرمناسب تھا۔ میں بہت پریشان تھی کہ وہ مجھے اس قدر حقیر سمجھتے ہیں کہ میرے ساتھ اس طرح کی حرکت کر سکتے ہیں۔دونوں خواتین نے پولیس کو اس بارے میں مطلع نہیں کیا تاہم اپنے خاندان والوں اور دوستوں کو بتا دیا تھا۔امریکی کی نامہ نگار نتاشا سٹوینوف نے کہا کہ وہ دسمبر 2005 میں ٹرمپ کی شادی کی سالگرہ کے موقعے پر ان کا انٹرویو کرنے گئی تھیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ انھیں ایک 'زبردست' کمرہ دکھانا چاہتے ہیں۔ 'ہم اس کمرے میں اکیلے گئے٬ ٹرمپ نے دروازہ بند کر دیا۔ میں مڑی اور سیکنڈوں کے اندر انھوں نے مجھے دیوار کے ساتھ دھکیل دیا۔' انھوں نے لکھا ہے کہ ٹرمپ نے اس کے بعد ان سے دست درازی کی۔ایک اور عورت مِنڈی میک گلیویری نے بتایا کہ 2003 میں جب وہ 23 سال کی تھیں تو ٹرمپ نے فلوریڈا کے ایک کلب میں انھیں نامناسب طریقے سے چھوا تھا۔

ان کے ساتھی کین ڈیویڈوف نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ منڈی نے انھیں بتایا تھا کہ ٹرمپ نے ان سے دست درازی کی تھی۔ہلیری کلنٹن کی مہم نے اس خبر کو 'پریشان کن' قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے یہ ان باتوں پر پوری طرح سے فِٹ ہوتی ہے جو ہم ٹرمپ کے عورتوں کی جانب رویے کے بارے میں جانتے ہیں۔ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ انھوں نے مباحثے کے دوران جھوٹ بولا تھا اور ان کا کراہت انگیز رویہ٬ جس کا انھوں نے ویڈیو میں اظہار کیا تھا٬ محض خالی خولی دعویٰ نہیں تھا۔

متعلقہ عنوان :