سمیرا قتل کیس کے نامزد ملزم غلام رسول کاقتل سے انکار ٬لاش کو ٹھکانے لگانے کا اعتراف کرلیا

سمیرا کی اچانک موت سے ڈر گیا تھا ٬ بہن نسرین اور بہنوئی شبیرسے مل کر لاش کو ٹھکانے لگایا‘ ملزم کا بیان دس روز قبل لٹن روڈ سے ملنے والی سوٹ کیس بند لاش کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ٬کیس مزید پیچیدگی اختیار کر گیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 17:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) لاہور میں سمیرا قتل کیس کے نامزد ملزم غلام رسول نے سمیرا کے قتل سے انکار کر دیا تاہم لاش کو ٹھکانے لگانے کا اعتراف کرلیا٬دوسری جانب دس روز قبل ملنے والی سوٹ کیس بند لاش کا معمہ بھی پولیس کیلئے درد سر بنا ہوا ہے۔پولیس کے مطابق سمیرا قتل کیس کے ملزم غلام رسول نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ سمیرا کی اچانک موت کے بعداس نے اپنی بہن نسرین اور بہنوئی شبیرسے مل کر لاش کو ٹھکانے لگایا٬ تینوں نے لاش کو واپڈا ٹائون میں پھینکا۔

(جاری ہے)

ملزم کاکہنا تھا کہ وہ سمیرا کی موت کے بعد ڈر گیا تھاجبکہ پولیس کے مطابق سمیرا کے جسم پرتشدد یا زخم کا نشان نہیں٬ مزید صورت حال پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر واضح ہو گی۔دوسری جانب دس روز قبل لٹن روڈ سے ملنے والی سوٹ کیس بند لاش کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی اور یہ کیس بھی مزید پیچیدگی اختیار کر گیا ہے۔سوٹ کیس بند لاش کے کیس میں بھی پولیس الجھ کر رہ گئی ہے اور لاش کی شناخت کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے٬پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت کے بعد اس قتل کی تفتیش میں پیش رفت کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :