گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافہ واپس لیا جائے خدیجہ فاروقی پنجاب اسمبلی میں قراردادجمع کروادی

اضافہ بلاجوازہے اس سے عام گھریلو صارفین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا تندروں والے اس سے ناجائز فائدہ اٹھائیں روٹی مہنگی ہوگی یا اس کا وزن کم ہوگا٬عوام متاثر ہوگی٬ رکن صوبائی اسمبلی

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافہ واپس لینے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قراداد جمع کروادی ۔اپنی قرارداد میں خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ اضافہ بلا جواز ہے اس سے عام گھریلو صارفین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔انہوںنے کہا کہ گیس امپورٹ نہیں ہوتی بلکہ پاکستان کے قدرتی وسائل سے حاصل ہورہی ہے اس لیے اس پر 36فیصد اضافہ صارفین کا استحصال ہے ۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے تندوروں والے ناجائز فائدہ اٹھائیں گے اور روٹی مہنگی ہوگی یا اس کا وزن کم ہوگا دونوں صورتوں میں عوام متاثر ہوگی۔انہوںنے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافہ سے انڈسٹریز بھی متاثر ہوگی اور ان کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگا جس کا اثر براہ راست عوام پر پڑے گا انہوںنے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے انڈسٹریز بند ٬ بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوگا اس لیے حکومت یہ عوام دشمن فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے ۔