استور٬ صوبائی حکومت خطے کی تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے٬ برکت جمیل

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:53

استور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) پارلیمانی سیکرٹری محکمہ سیاحت و شفافیت گلگت بلتستان برکت جمیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن)کی صوبائی حکومت خطے کی تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے اس لئے تمام اضلاع میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کا جال بچھاکر ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنا چاہتی ہے ٬وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان ضلع استور کی تعمیرو ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ٬ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ٬انہوں نے کہا کہ استور کے تمام بنیادی مسائل مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں حل ہوں گے ٬ماضی میں ضلع استور کو ہر شعبے میں نظر انداز کیا گیا اب ایسا نہیں ہونے دیں گے ٬انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر بھر پور انداز میں استور کے مسائل بارے آواز بلند کر یں گے ٬انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت میں عبادت سمجھ کر کرتا ہوں میرے دروازے ہر کسی کے لئے ہر وقت کھلے ہیں ۔