گذشتہ تین سالوں میں پاکستان کے اقتصادی اشاریئے بہتر٬ زر مبادلہ کے ذخائر دوگنا جبکہ مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے٬ مورگن سٹینلے نے پاکستان کو ابھرتی معیشت قرار دیا٬ پاکستان سٹاک ایکسچینج ایشیا کی تین بڑی سٹاک ایکسچینجز میں شامل ہے٬ احسن اقبال

وفاقی وزیر کی جاپان کے دورہ کے دوران ورلڈ مارکیٹنگ سمٹ میں شرکت٬ ایشین پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل اور جاپان بینک فار انٹرنیشنل کارپوریشن کے گورنر سے ملاقاتیں

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے جاپان کا دو روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے ورلڈ مارکیٹنگ سمٹ میں شرکت کے علاوہ ایشین پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے جاپان بینک فار انٹرنیشنل کارپوریشن کے گورنر سے بھی ملاقات کی۔ اس دورے میں انہوں نے جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈ شپ لیگ کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی اور جاپان کے ہفتہ وار انگریزی جریدے کو بھی انٹرویو دیا۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں میں پاکستان کے اقتصادی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں۔ زر مبادلہ کے ذخائر دوگنا ہوئے ہیں جبکہ مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے۔ مورگن سٹینلے نے پاکستان کو ابھرتی معیشت قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سٹاک ایکسچینج ایشیا کی تین بڑی سٹاک ایکسچینجز میں شامل ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس راہداری سے تین ارب لوگوں کو رابطے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے صرف دو ممالک کو فائدہ نہیں ہو گا بلکہ یورپی یونین٬ مڈل ایسٹ٬ امریکہ اور ایشیا بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے جاپان کو ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد پاکستان میں سکیورٹی کے حالات بہتر ہو گئے ہیں۔ ایل او سی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی طرف سے کئے جانے والی پر تشدد کارروائیوں سے ہزاروں کشمیری شہید اور زحمی ہو چکے ہیں۔