بھارت کا نام نہاد سرجیکل سڑائیک ڈرامہ اختتام پذیر ہو چکا ہے ‘دوحریت پسندوں نے تین دن بھارتی افواج کی صلاحیتوں کا پول کھول دیا ہے‘ آزادی کی تحریک طاقت سے نہیں دبائی جاسکتی ‘ کشمیری عوام کی آزادی کا حق بھارت کو ہر صورت دینا پڑے گا

آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر کی حلقہ بلوچ کے دورہ کے موقع پر بات چیت

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ بھارت کا نام نہاد سرجیکل سڑائیک ڈرامہ اختتام پذیر ہو چکا ہے ۔دوحریت پسندوں نے تین دن بھارتی افواج کی صلاحیتوں کا پول کھول دیا ہے ۔ آزادی کی تحریک طاقت سے نہیں دبائی جاسکتی ۔ کشمیری عوام کی آزادی کا حق بھارت کو ہر صورت دینا پڑے گا ۔

ان خیالات کا اظہاراُنھوں نے حلقہ بلوچ کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد کیا ۔ اُنھوں نے حلقہ انتخاب میں مختلف سکولوں کا دورہ کیا اور معیار تعلیم کی بہتری اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کیں ۔ حلقہ جات میں سڑکات کی بہتری کیلئے تعمیرات عامہ کے حکام کو وارننگ جاری کی کہ منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

د ریں اثناء ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حید رخان کی قیادت میں موجودہ حکومت متاثرین سیز فائر لائین کے مسائل حل کرنے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔ ہنگامی صورتحال میں اُن کیلئے محفوظ پناہ گائیں بنائی جائینگی تاکہ اُنھیں کسی قسم کا نقصان نہ ہو سکے ۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں راستے بند کرنا اور جمہوریت کے خلاف آواز لگانے والے کبھی کامیاب نہیں ہو نگے ۔ عمران خان کو ملک کے استحکام اور کشمیریوں کے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے ۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ میاں محمدنواز شریف کشمیر ی عوام کے سچے محسن ہیں ۔ اُن کی قیادت میں جلد مسئلہ کشمیر حل ہو گا۔