ریپبلکن قیادت ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنا بند کرے٬اوباما

اس بات کی کوئی منطق نہیں کہ ٹرمپ خواتین کے خلاف نازیبہ بیان کی مخالفت اورصدربننے کی حمایت کریں٬خطاب

جمعرات 13 اکتوبر 2016 13:33

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) امریکہ میں صدر براک اوباما نے ریپبلکن پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے کہا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخابی مہم کی حمایت سے پیچھے ہٹ جائیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہلری کلنٹن کی حمایت کے لیے کی گئی ایک ریلی میں شرکت کرتے ہوئے صدر اوباما کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی منطق نہیں کہ آپ ڈونلڈ ٹرمپ کے (خواتین کے معاملہ میں) نازیبہ بیان کی مخالفت کریں لیکن پھر بھی ان کی صدارت کی حمایت کریں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے وہ شدید مشکلات میں ہیں اور رپبلکن پارٹی کے 30 کے قریب سینیئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

امریکہ میں رپبلکن جماعت کیصدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے انھیں غدار قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے خصوصی طور پر اپنی ہی جماعت کے سینیئر ترین رہنما پال رائن کو کمزور اور غیر موثر رہنما قرار دے دیا ہے۔

امریکہ ایوانِ نمائندگان کے سپیکر اور رپبلکن جماعت کے ملک میں سب سے اعلیٰ عہدے پر فائز رہنما پال رائن نے کہا تھا کہ خواتین سے دست درازی سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد وہ اپنی جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا دفاع نہیں کریں گے۔پال رائن کے اس بیان کے ردعمل میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ رپبلکن ان پر چاروں جانب سے حملہ کر رہے ہیں اور ان کی غداری کا مقابلہ کرنا ڈیموکریٹس کا مقابلہ کرنے سے زیادہ مشکل ہے۔

انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کی بیڑیا اتر گئی ہیں اور اب انھیں اپنی مرضی کے مطابق امریکیوں کے لیے لڑائی کرنے کا موقع ملا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ پر عورتوں کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ ریپلکن پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے خواتین کے بارے میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے نازیبا بیانات کی مذمت کی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان سنہ 2005 کا ہے جس کی ویڈیو امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے حال ہی میں جاری کی ہے۔

متعلقہ عنوان :