یمنی باغیوں کا سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملہ ناکام

سعودی عرب کے جنوبی علاقے پر یمن سے داغا گیا بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا گیا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 12:26

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں باغیوں کی سرکوبی میں مصروف عرب اتحادی فوج نے یمنی باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک اور میزائل بیلسٹک میزائل فضاء میں تباہ کردیا جس سے مملکت کے سرحدی علاقے کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق جنوبی سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط میں اتحادی ممالک کی فوج نے یمن سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضاء ہی میں تباہ کردیا۔

قبل ازیں مآرب میں باغیوں کی طرف سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل اتحادی فوج نے فضاء میں تباہ کر دیے تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھاکہ حوثی باغیوں کی طرف سے فائر کیا گیا ایک کاتیوشا راکٹ مآرب میں گرا ہے تاہم اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر دوسری جانب یمنی فوج اور مزاحمتی فورسز نے صعدہ گورنری کے شمال مشرقی علاقے البقع میں باغیوں کے خلاف آپریشن میں پیش قدمی کرتے ہوئے باغیوں کو پسپا کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی فورسز اور مزاحمتی ملیشیا باغیوں کو صعدہ میں پسپا کرتے ہوئے اندر تک لے گئی ہیں۔خیال رہے کہ صعدہ گورنری کو حوثی باغیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اس علاقے میں باغیوں کو پسپائی حکومتی فورسز کی بہت بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ ادھر الضالع گورنری میں مزاحمتی میڈیا سیںٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ الرحبہ کے مقام پر جاری لڑائی کے بعد اس علاقے کو باغیوں سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔ لڑائی میں ایک اہم حوثی کمانڈر سمیت دشمن کے 19 شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :