افغانستان ٬ محرم الحرام کے جلوس میں خودکش دھماکہ٬ 14افراد ہلاک ٬ 28زخمی

حملے میں شیعہ مسجد کو نشانہ بنایا گیا٬زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا ٬کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے٬ترجمان صوبائی گورنر

جمعرات 13 اکتوبر 2016 11:08

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) افغانستان میں محرم الحرام کے جلوس میں خودکش دھماکے میں 14افراد ہلاک اور 28زخمی ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبے مزار شریف کے شہر بلخ میں شیعہ مسجد کے باہر خود کش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 14 افرادہلاک اور 28 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ حملے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی گورنر کے ترجمان منیر احمد فرہاد کا کہنا تھا کہ حملے میں شیعہ مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے لیکن اب تک کسی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں افغانستان میں دوسرا خودکش حملہ ہے جب کہ گزشتہ روز بھی کابل میں مزار پر حملے میں 18 افراد جاں بحق اور 30سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ دو گھنٹے کے آپریشن میں تینوں حملہ آوروں کو بھی مار دیا گیا تھا٬ مزار پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔