حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں نے انسانیت٬ انصاف اور حق و صداقت کیلئے عظیم قربانیاں دیں٬کربلا کا واقعہ ظلم و بربریت کے خلاف انصاف کی جدوجہد تھا٬قومی خبر رساں ادارے اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

منگل 11 اکتوبر 2016 23:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) قومی خبر رساں ادارے اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں نے انسانیت٬ انصاف اور حق و صداقت کیلئے عظیم قربانیاں دیں۔ منگل کو ٹی وی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ ظلم و بربریت کے خلاف انصاف کی جدوجہد تھا۔

انہوں نے کہ حضرت امام حسین ؓ پوری امت کے امام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا میں حضرت امام حسین ؓ کی قربانی سے اسلام زندہ ہے اور اس میں پوری دنیا کیلئے انسانیت کا ایک عظیم پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے امت مسلمہ کو سچائی اور انصاف کی حمایت کرنے اور اسلامی تعلیمات پر سمجھوتہ نہ کرنے کا درس دیا۔ اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی کو اجاگر کریں اور اپنے بچوں کو واقعہ کربلا سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

مسعود ملک نے کہا کہ لوگ اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی کیلئے ایسی شخصیات کی پیروی کریں جنہوں نے انسانیت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے میڈیا اور قوم پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی ٬ ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم کے درمیان برداشت کو فروغ دینے کی بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے سیاستدانوں ٬ میڈیا کے کارکنوں ٬ تاجروں اور بیورو کریٹس سے کہا کہ وہ خود کو اپنے اعمال کا جواب دہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ٬ مذہبی سکالرز اور سول سوسائٹی معاشرے سے منافقت کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کرے جس کی اسلام میں کوئی جگہ نہیں۔