سراج الحق کی جماعت اہلسنت کے سربراہ شاہ تراب الحق کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت

منگل 11 اکتوبر 2016 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے جماعت اہلسنت کے سربراہ شاہ تراب الحق کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ گئے اور مرحوم کے صاحبزادے شاہ سراج الحق اور شاہ فرید الحق سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے شاہ تراب الحق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ تادیر پر نہیں ہوسکے گا۔

سراج الحق نے مرحوم کی مغفرت ٬ بلندی درجات اور لواحقین و پس ماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب ٬جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ٬ سکریٹری کراچی عبد الوہاب ٬نائب امراء مسلم پرویز ٬ ڈاکٹر اسامہ رضی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے معروف عالم دین اور دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم مفتی منیب الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور ٬ ملکی و بین الاقوامی صورتحال ٬ کشمیر کی صورتحال اور امت مسلمہ کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز ٬ سکریٹری عبد الوہاب ٬ سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ پاکستان کے اتحاد ویکجہتی اور مذہبی روداری و ہم آہنگی کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ٬ میں علماء کرام سے رہنمائی کے لیے ہمیشہ تبادلہ خیال کرتا رہتا ہوں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا٬ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرموں کے خلاف بلا امتیاز کاروئی کرنی چاہیئے۔

مفتی منیب الرحمن نے سراج الحق کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس وقت ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر علمائے کرام کی بھی گہری نظریں ہیں ملک اور ملت پر جب بھی کڑا وقت آیا علماء نے اس موقع پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور قوم کی رہنمائی کی ہے۔#

متعلقہ عنوان :