کرپٹ اشرافیہ نے مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھاکر ہمیشہ مظلوم عوام کو بے وقوف بنایا ہے٬سراج الحق

جمہوریت کاڈھول بجا کر کرپشن اور کرپٹ عناصر کو تحفظ دینے کی کوشش قبول نہیں کی جائے گی٬ ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کرنا عظیم جہاد ہے جو ہمیشہ جاری رہے گا کراچی کے مظلوم عوام نے بڑے زخم کھائے ہیں٬ان کو یرغمال بنایا گیا اور ان کا حق مارا گیا٬ وقت آگیا ہے کراچی کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھا جائے٬ دعوتی و تربیتی اجتماع عام سے خصوصی خطاب

منگل 11 اکتوبر 2016 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ نے مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھاکر ہمیشہ مظلوم عوام کو بے وقوف بنایا ہے۔ کرپٹ حکمرانوں نے ملک اور قومی اداروں کو تباہ کیا ہے ٬ جمہوریت کاڈھول بجا کر کرپشن اور کرپٹ عناصر کو تحفظ دینے کی کوشش قبول نہیں کی جائے گی۔

ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کرنا عظیم جہاد ہے جو ہمیشہ جاری رہے گا۔محرم الحرام قربانی ٬ شہادت ٬ ہجرت اور جہاد کا مہینہ ہے محرم الحرام کا پیغام ہے کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ظلم کے نظام کو ختم کریں اور ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔ کراچی کے مظلوم عوام نے بڑے زخم کھائے ہیں۔ان کو یرغمال بنایا گیا اور ان کا حق مارا گیا۔

(جاری ہے)

وقت آگیا ہے کہ اب کراچی کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں ضلع وسطی کے تحت ایک روزہ دعوتی و تربیتی اجتماع عام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ٬ معروف دانشور اور سینئر تجزیہ کار شاہنواز فاروقی ٬ امیر ضلع وسطی منعم ظفر٬ سکریٹری ضلع محمد یوسف اور مولانا ضیاء الرحمن فاروقی نے بھی خطا ب کیا۔

اس موقع پر سجادہ نشین حسنین علی کاظمی اور نارتھ ناظم آباد یوسی 20سے پیپلز پارٹی اور اے این پی سے تعلق رکھنے والوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ سراج الحق نے ان کا خیر مقدم کیا اور دعوتی کتب کا تحفہ دیا۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی عاشقان مصطفی اور محبان وطن کا شہر ہے۔ ماضی میں اس کا تشخص خراب اور چہرہ مسخ کیا گیا۔ کراچی اب دوبارہ اپنے ماضی کی حیثیت میں سامنے آئے گا اور ان شاء اللہ عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔

جماعت اسلامی نے نہ ماضی میں کراچی کے عوام کو تنہا چھوڑا ہے اور نہ آئندہ چھوڑے گی۔سراج الحق نے کہا کہ غربت ٬ مہنگائی اور ظلم کے خاتمے کا واحد ذریعے نظام مصطفی کا قیام ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی اسلامی اور جمہوری نظام کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے۔ عوام اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی تمام تر مسالک اور علاقائی و لسانی عصبیت سے بالاتر ہو کر ظلم کے نظام کے خاتمے اور عدل و انصاف کے نظام کے قیام کی داعی ہے اور یہی ہماری دعوت ٬ ہماری سیاست اور عبادت ہے۔

ہم اس ملک میں اللہ کے دین کے غلبے اور اس کے نتیجے میں جنت کا حصول اور شفاعت رسول چاہتے ہیں۔ حکومت ہمارا مقصدنہیں بلکہ اصل مقصد کے حصول کا ذریعہ ہے۔ ہماری کامیابی وزارت٬ امارت ٬ دولت اور شہرت نہیں بلکہ صرف اضائے الہی کا حصول ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیئے۔ مجرم جو بھی ہو اس کے خلاف کاروائی کی جانی چاہیئے۔

دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جائے۔ جہاد ٬ علمائے کرام اور منبر و محراب کو بدنام کرنا امریکہ اور مغرب کا ایجنڈا تو ہوسکتا ہے لیکن ایک اسلامی مملکت کا ایجنڈا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں اور کرپٹ اشرافیہ نے مل کر ملک اور قوم کو تباہ کیا ہے قومی خزانوں کو لوٹا ہے۔ پی آئی اے ٬ پاکستان اسٹیل مل سمیت دیگر قومی اور حساس اداروں کو اپنی کرپشن اور بد انتظامی سے تباہ کیا ہے لیکن اس کا خمیازہ ملک کے عوام اور ملازمین بھگت رہے ہیں۔

قومی اداروں سے کرپشن اور بد انتظامی ختم کر کے ان کو بحال اور اپنے پیروں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام کے خلاف عالم کفر متحد ہے ہمیں اپنے اندر اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنی ہوگی جماعت اسلامی پاکستان کی ملت اور امت مسلمہ کو ایک اللہ اور نبی مہربان کے مرکز محور پر جمع کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ عشق مصطفی کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیا ر کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور مبارکباد دیتا ہوں۔ آنے والا وقت ان شائ اللہ اسلام کی سربلندی کا وقت ہوگا اور اس ملک میں اللہ کا نظام نافذ ہوکر رہے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی بھی آبادی میں اور کسی بھی زبان بولنے والے فرد کی ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتی ہے اور ہم حالیہ ہونے والے واقعات سمیت دیگر ایسے افسوسناک واقعات کے حوالے سے عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی میں عوام کے لیے ایک بہترین متبادل قیادت کی صورت میں موجود ہے۔ ہم نے مشکل اور کٹھن حالات میں بھی شہر میں دعوت و تبلیغ اور عوامی خدمت کا فریضہ انجام دیا ہے اور آئندہ بھی یہ کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اسلامی انقلاب اور معاشرے میں موثر تبدیلی کے لیے ہم جدوجہد کررہے ہیں اور انتخابات انقلاب کی طرف پیش قدمی کا ایک ذریعہ اور جدوجہد کا اہم مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی اجتماعیت ہمارے لیے ایک انمول تحفہ ہے اور اقامت دین کی جدوجہد میں شریک ہونے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔#

متعلقہ عنوان :